کشمیر پر متنازعہ بیان دیکر آفریدی کی وضاحتیں

0

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک/امت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی جوش میں ہوش کھو بیٹھے، لندن میں دوران تقریب کہہ دیا کشمیر نہیں چاہئے، سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے اور پاکستانیوں کے شدید رد عمل کے بعد وضاحتوں پر اتر آئے اور ٹوئٹ پیغامات میں دعویٰ کیا کہ میرا بیان سیاق و سباق سےہٹ کر پیش کیا گیا ہے، تاہم وہ اس کا ثبوت سامنے نہیں لائے۔ اطلاعات کے مطابق لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد افریدی نے کہا کہ ’’پاکستان سے 4 صوبے نہیں سنبھل رہے، کشمیر پاکستان کو نہ دیں، بھارت کو بھی نہ دیں، کشمیر ان کا اپنا رہنے دو، کشمیر کوئی ایشو نہیں ہے ،دنیا نے اس کو ایشو بنایا ہوا ہے‘‘۔ بعد ازاں شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری وضاحتی پیغام میں سارا ملبہ بھارتی میڈیا پر تھوپ دیا اور کہا کہ ‘میرے بیان کی غلط تشریح کی گئی، میں اپنے وطن سے بہت محبت کرتا ہوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، انسانیت سب سے بالاتر ہونی چاہیے اور انہیں ان کے حقوق ملنے چاہئیں۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ میڈیا پر دکھایا جانے والا ویڈیو کلپ ادھورا اور سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے ،کیوں کہ اس سے قبل میں نے جو کچھ کہا ،وہ اس میں موجود نہیں۔ عجلت بازکرکٹر نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ کشمیر ایک غیر حل شدہ تنازع ہے اور وہاں بھارت کا جابرانہ قبضہ ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ آفریدی نے مزید لکھا کہ مجھ سمیت تمام پاکستانی آزادیِ کشمیر کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اور کشمیر پاکستان سے ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More