لاپتا افسر کیخلاف دھوکہ دھی کے کیس کا امکان

0

امت رپورٹ
وفاقی دارالحکومت کے ادارے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان محسود کے خلاف دھوکہ دہی کا کیس درج کئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان گزشتہ دنوں لا پتا ہونے کی اطلاعات پر خبروں کی زینت بن گئے تھے اور ان کے اہل خانہ نے ان کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کرا دیا تھا۔ دوسری جانب ایاز خان کو، جنہوں نے اپنی گمشدگی کی اطلاعات کی تردید ایک وڈیو پیغام میں کی تھی، اسلام آباد پولیس نے ان کے قریبی دوست نور خان جو منظور پشتین کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں، کی رہائش گاہ واقع ڈیرہ اسماعیل خان سے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
’’امت‘‘ کو اسلام آباد پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس کے پاس قانونی طور پر سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان کی گمشدگی کی رپورٹ تھی، جو ان کے قریبی عزیزوں نے درج کرائی تھی۔ اب جبکہ ایاز خان نے خود ایک وڈیو پیغام میں اپنی گمشدگی کی اطلاعات کی تردید کر دی تو پولیس کے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں ہے کہ وہ ایاز خان کو اپنی تحویل میں لے اور ان کو عدالت میں پیش کر کے ان کا بیان ریکارڈ کرایا جائے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایاز خان کو پیر کے روز (آج) عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں وہ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ جبکہ پولیس کے تفتیش کار ان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پولیس کے تفتیش کار، سی ڈی اے کے افسر ایاز خان کے بیان سے مطمئن ہوئے تو وہ عدالت سے استدعا کریں گے کہ ایاز خان کے حوالے سے درج مقدمے کو ختم کرنے کے احکامات دے اور ایاز خان کو رہا کر دیا جائے۔ لیکن اگر پولیس کے تفتیش کار مطمئن نہ ہو سکے تو عدالت سے ایاز خان کے خلاف جھوٹ اور غلط بیانی کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی جائے گی اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا بھی کی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایاز خان، ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے قریبی دوست نور خان کے گھر پر تھے، جو پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق پولیس نے نور خان کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اسلام آباد پہنچ کر پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرائے اور تفتیش کاروں کے سوالات کے جوابات دے کہ سی ڈی اے افسر ایاز خان کس طرح اس تک پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق نور خان بھی ممکنہ طور پر پیر کے روز اپنا بیان ریکارڈ کرائے گا۔
واضح رہے کہ پراسرا طور پر لاپتا ہونے والے سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان محسود کی گزشتہ روز ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں انہوں نے اپنی گمشدگی کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے پہنچے ہیں اور ان کا موبائل فون گم ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے وہ اہل خانہ سے رابطہ قائم نہیں کرسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More