جعلساز گروہ نے شوروم مالک کو چونا لگا دیا – 2 گاڑیاں لیکر فرار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن میں جعلساز گروہ نے شوروم کے مالک کے ساتھ فراڈ کرتے ہوئے 2گاڑیاں ہتھیالیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک کار برآمد کرلی۔ اے سی ایل سی نے کارروائی کرتے ہوئے کار لفٹنگ میں ملوث بین الصوبائی گروہ کے تین کارندوں کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے ایک عدد بس، ایک کار اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود بدر کمرشل میں پلاٹ نمبر C-9پر واقع ریاض احمد عارف کے شوروم سے ملزمان نے 2 کاریں لیکر آگے فروخت کردیں جس پر پولیس نے شوروم مالک ریاض احمد عارف کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 683/2018درج کرلیا۔ایف آئی آر میں مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم حاکم علی تمرانی اور غلام مرتضیٰ میرے شوروم پر آئے اور کہا کہ ہم اپنے زیر استعمال اپنی کار نمبر BG.4436فروخت کرنا چاہتےہیں، جس پرمیں نے ان سے کارخریدنے کی خواہش ظاہر کی اور 25لاکھ روپے میں کار کا سودا طے کیا میں نے انہیں اپنی کار نمبر BF.5928،16لاکھ روپے میں دیتے ہوئے اپنی گاڑی کی فائل سمیت تمام کاغذات انکے حوالے کردیئے جبکہ 9 لاکھ روپے قسطوں میں ادا کرنے کا معاہدہ کرلیا۔ کافی دن گزرنے کے بعد انہوں نے گاڑی کے کاغذ مجھے نہیں دیئے کچھ عرصہ بعد ملزمان میرے پاس آئے اور مجھ سے کہا کہ ہمیں اپنی ایکسل آئی کار نمبر AXJ-339 دیدو جس کے پیسے تم ہم سے لے لینا میں نے اپنی کار فائل سمیت انکے حوالے کردی چند دن بعد جب میں نے ان سے لی گئی کار کی فائل طلب کی تو میرے پاس انہی کے تیسرے ساتھی جواد میمن کی کال آئی جواد کا کہناتھا کہ جو کار تمہیں حاکم علی نے دی ہے اسکی فائل 10لاکھ روپے کے عوض میرے پاس ہے لہذا تم کار خود ہی میرے پاس چھوڑ جاؤ ورنہ ہم خود ہی کار اٹھوالیں گے، میں نے جب حاکم علی اور غلام مرتضیٰ سے رابطہ کیا تو مناسب جواب نہ ملنے پر میں نے ان سے اپنی کاریں واپس کرنے کا مطالبہ کیا مگر دونوں مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگے، شوروم مالک ریاض احمد عارف کا مزید کہنا تھا کہ میں نے درخشاں تھانے میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تو ملزمان روپوش ہوگئے تاہم پولیس نے گزشتہ روز لانڈھی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے میری کار نمبر BF.5928برآمد کرلی جسے ملزمان نے 9لاکھ روپے کے عوض فروخت کردیاتھا۔ علاوہ ازیں اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے 2013ءسے دھوکا دہی سے ہتھیائی ہوئی ای سوزو بس پانچ سال بعد پشاور سے بازیاب کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوسری کارروائی کے دوران اے سی ایل پولیس گڈاپ ڈویژن نے کراچی سے ٹویوٹا پروبوکس چوری کرکے لے جانے والے ملزم معشوق علی ولد علی بخش کو خلافت چوک سے گرفتار کرکے کار نمبر AVL-121سفید رنگ برآمد کرلی۔ ملزم کی نشاندہی پر مزید ایک ساتھی محمد علی پنجگوری کو سکھر سے گرفتار کیا جبکہ ملزمان کا ایک ساتھی فاروق فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More