دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے 4 باراتی جاں بحق

0

خیر پور (نمائندہ امت )خیر پور کے قریب دریائے سندھ میں باراتیوں سے بھری کشتی الٹ گئی، جس سے 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ،جبکہ 16 کو بچا لیا۔ باراتیوں سے بھری کشتی لاڑکانہ جارہی تھی کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد کے سوار ہونے پر الٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیر پور کی تحصیل صوبودیرو کے کچے کے گاؤں سلیمان کلہوڑو کے مکین لاڑکانہ بارات لیکر جانے کیلئے دریائے سندھ پار کر رہے تھے کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار ہونے کے باعث کشتی الٹ گئی ، جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 20سے زائد افراد ڈوب گئے ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خواتین ،بچوں سمیت 16افراد کو بچا لیا۔ جبکہ 3بچے اور ایک خاتون ڈوب گئے۔ 2گھنٹے کی جدوجہد کے بعد چاروں لاشیں نکال لی گئیں ،جن کی شناخت 5سالہ محمد حنیف، 4سالہ عائشہ، 6سالہ عبدالرحمن اور 40سالہ خاتون فاطمہ کے نام سے ہوئی ۔ کشتی میں سوار تمام افراد کلہوڑو برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور عبدالفتاح ہلیو نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو پارٹی روانہ کرکے متعلقہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹروں سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف، ریونیو، پولیس، صحت، پی پی ایچ آئی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو تمام تر امدادی کارروائیوں کے لئے مقرر کیا۔ لاشیں گاؤں پہنچنے پر کہرام مچ گیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More