لاہور قلندر نے ڈی ویلیئر کو خرید لیا

0

امت رپورٹ
پی ایس ایل سیزن فور میں لاہور قلندرز نے ہائی پروفائل ٹی ٹوئنٹی اسپشلسٹ بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز کو خرید لیا۔ یوں جارح مزاج پروٹیز بیٹسمین پہلی بار پاکستانی لیگ کا حصہ بن گئے ہیں۔ لاہور قلندرز سے منسلک ہونے کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں جنوبی افریقی بیٹسمین ڈی ویلیئرز نے پاکستان آنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے۔ اگر ٹیم کو موقع ملا تو میں بھی پاکستان ضرور آئوں گا۔ دوسری جانب مصباح الحق دفاعی چیمپئن اسلام آباد سے علیحدگی اختیار کرکے پشاور زلمی سے جا ملے۔ جبکہ شاہد آفریدی اور سابق آسٹریلوی کپتان اسیٹو استمھ لیگ کی چھٹی ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ تیسرے ایڈیشن کے مقابلے میں اس بار ڈرافٹنگ میں کئی نامور پلیئرز ٹیموں کا حصہ ہوں گے۔ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ اس بار سپر لیگ زیادہ کامیاب ثابت ہوگی۔ ڈرافٹنگ میں شریک تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کا وعدہ کیا ہے۔ ایونٹ میں امارات اور پاکستان میں تماشائیوں کا ٹرن آئوٹ زیادہ ہونے کی توقع ہے۔ کیونکہ بورڈ اس بار ٹکٹوں کے نرخ کم کرنے پر غور کر رہا ہے، تاکہ شائقین زیادہ سے زیادہ میچ دیکھنے کا موقع حاصل کر سکیں۔ دریں اثنا گزشتہ روز اسلام آباد میں پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کی گئی، جس میں تمام ٹیم اونرز، پلیئرز، پی سی بی آفیشلز اور ایونٹ اسپانسرز کے نمائندے شریک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کے ڈرافٹ سے قبل تمام فرنچائزز کے مالکان کو اعزاز سے نوازا گیا۔ ڈرافٹ کی پلاٹینم کیٹیگری میں سب سے پہلی پک لاہور قلندرز کو ملی، جس نے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ڈیلیئرز کو اپنی ٹیم میں منتخب کرلیا۔ پلاٹینم کیٹیگری میں ہی ملتان سطانز کی جگہ ایونٹ میں شریک ’’چھٹی ٹیم‘‘ نے آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو چُنا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ویسٹ انڈیز کے ہائی ویلیو آل رائونڈر ڈووین براوو، لاہور قلندرز نے محمد حفیظ، پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ کو خریدا۔ سابق کپتان مصباح الحق کو بھی پی ایس ایل میں جگہ مل گئی۔ انہیں پشاور زلمی نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں خریدا۔ اس سے قبل مصباح نے اپنی فرنچائز کا مینٹور بننے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے فیصلہ کیا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں کھلاڑی کی حیثیت سے شرکت نہیں کریں گے۔ تاہم پی ایس ایل کے ڈرافٹ سے محض ایک دن قبل انہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے اپنا فیصلہ تبدیل کر لیا اور کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلنے کی خواہش ظاہر کی۔ دوسری جانب ڈائمنڈ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے آخری اوور میں 4 چھکے لگانے والے ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ کو خرید لیا۔ کارلوس بریتھ ویٹ بھی پہلی بار لیگ کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ ڈائمنڈ کیٹیگری میں ’’چھٹی ٹیم‘‘ نے انگلینڈ کے جوڈنلے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے این بیل، لاہور قلندرز نے کورے اینڈرسن کو خریدا ہے۔ گولڈ کیٹیگری میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملن پشاور زلمی، ویسٹ انڈیز کے نیکولس پوران اور افغانستان کے قیس احمد چھٹی ٹیم، زمبابوے کے سکندر رضا کراچی کنگز، انگلینڈ کے فل سالٹ اسلام آباد یونائیٹڈ، آسٹریلیا کے فواد احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور نیپال کے سندیپ لمی چانے لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے۔ سلور کیٹیگری میں اویس ضیا، اسامہ میر اور آسٹریلیا کے ارون سمرز کراچی کنگز، جنوبی افریقہ کے وین میڈسن پشاور زلمی، جنوبی افریقہ کے کیمرون ڈلپرٹ اسلام آباد یونائیٹڈ، دانش عزیز اور احسن علی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، نعمان علی ’’چھٹی ٹیم‘‘ میں اور حارث سہیل لاہور قلندرز میں شامل ہوگئے۔ سلور کیٹیگری میں ہی پشاور زلمی نے جمال انور، کراچی کنگز نے سہیل خان اور افتخار احمد کو منتخب کیا۔ ایمرجنگ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے محمد عمران، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے غلام مدثر کو منتخب کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری 2019ء کو رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔ پچھلے سال کی طرح اس مرتبہ بھی فائنل سمیت پی ایس ایل کے کچھ میچ پاکستان میں منعقد کروائے جائیں گے۔ 13 نومبر کو تمام ٹیموں نے قواعد کے مطابق ٹیم میں برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی تھی۔ گزشتہ برس کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں شامل تینوں کھلاڑیوں لیوک رونکی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو برقرار رکھا۔ پشاور زلمی نے پلاٹینم کیٹیگری میں وہاب ریاض اور حسن علی کو برقرار رکھا۔ جبکہ ڈیرن سیمی اور کامران اکمل پلیئر ایمبیسیڈر کے طور پر ڈائمنڈ کیٹیگری میں موجود رہے۔ کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں محمد عامر، بابر اعظم اور کولن منرو کو، جبکہ کولن انگرام کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار رکھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سرفراز احمد، سنیل نارائن پلاٹینم کیٹیگری میں، جبکہ آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار رہے۔ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم میں پلاٹینم کیٹیگری میں شعیب ملک اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں محمد عرفان اور جنید خان کو برقرار رکھا گیا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل پی سی بی نے شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا، جس کے بعد فرنچائز کے تمام تر مالکانہ حقوق واپس پاکستان کرکٹ بورڈ کو منتقل کر دیئے گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی تھی کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن مقررہ وقت پر منعقد ہوگا اور اس میں گزشتہ ایڈیشن کی طرح 6 ٹیمیں ہی شرکت کریں گی۔ ٭
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More