دارالعلوم دیوبند سے پوچھئے

0

گھر کی بندش کرانا
سوال: کیا گھر کی بندش کروانا صحیح ہے؟
جواب: جائز اوراد وادعیہ کے ذریعے گھر کی بندش کروانے میں مضائقہ نہیں ہے، البتہ اس کے لیے شرکیہ افعال و اعمال کرنا حرام ہوگا۔ (فتویٰ :906-772/L=7/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
سرکاری رقم غریب کو دینا
سوال: دورانِ سفر اگر ہماری ٹرین نکلنے کا خطرہ ہو، ہم نے ٹکٹ بھی نہیں لیا، اگر ہم بغیر ٹکٹ کے سفر کریں تو کیا ہم وہ پیسہ کسی غریب کو دے سکتے ہیں؟
جواب: اگرا تفاقاً کبھی مجبوری میں بلا ٹکٹ سفر کرلے تو جتنے روپئے کا ٹکٹ ہو، اتنے کا کوئی جنرل ٹکٹ کائونٹر سے لے کر چاک کر دے، اس سے ٹکٹ کا پیسہ حکومت کے خزانے میں پہنچ جائے گا۔ اس سے ٹکٹ کا پیسہ غریب کو صدقہ کردینے سے ذمہ فارغ نہ ہوگا، بلکہ ریلوے تک یہ پیسے پہنچانا ضروری ہے۔ (الدر المختار مع رد المحتار: 9/267، ط: زکریا) (فتویٰ :786- 599/ sn=7/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
الکحل والے پرفیوم
سوال: آج کل کے پرفیوم جن میں شراب کا استعمال کیا گیا ہے، کیا ایسے پرفیوم کا استعمال جائز ہے؟
جواب: آج کل پرفیومس میں جو الکحل استعمال کیا جاتا ہے، تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کھجور یا انگور سے تیار شدہ نہیں ہوتا، بلکہ وہ گنے کا رس، مختلف دانوں، سبزیات اور کوئلہ وغیرہ سے تیار شدہ ہوتا ہے اور اس طرح کا الکحل حضرات شیخین: امام ابوحنیفہؒ اور امام ابو یوسفؒ کے مسلک کے مطابق حرام و ناپاک نہیں۔ کذا فی عامۃ کتب الفقہ والفتاوی۔ اور دور حاضر میں عموم بلویٰ کی وجہ سے محقق علمائے کرام نے اس مسئلے میں اصل اصول کے مطابق شیخینؒکے قول کو راجح قرار دیا ہے، کیوں کہ جس علت کی بنا پر ماضی میں علمائے کرام نے امام محمدؒ کے قول کو راجح قرار دیا گیا تھا، وہ دوائوں اور پرفیومس وغیرہ میں استعمال ہونے والے الکحل میں نہیں پائی جاتی۔ (تفصیل کے لیے دیکھیں: تکملۃ فتح الملھم 1: 515، مطبوعہ:دار احیاء التراث العربی بیروت، احسن الفتاویٰ 2: 95، مطبوعہ: ایچ ایم سعید کمپنی، کراچی، اختری بہشتی زیور مدلل 9: 102، مطبوعہ: کتب خانہ اختری متصل مظاہر علوم سہارن پوراور فتاویٰ نظامیہ 1: 438 وغیرہ) اس لیے الکحل والے پرفیوم استعمال کرنے کی گنجائش ہے، البتہ بچنا بہرحال بہتر ہے۔ (فتویٰ :718-602/N=7/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
مقروض کا حج پر جانا
سوال: میرے والدین اور دادی اس سال حج پر جا رہے ہیں، لیکن ہمارے اوپر 50 لاکھ کا قرضہ ہے، جس پر 15 ہزار روپے مہینہ کا بیاز جا رہا ہے اور ہمارے پاس دو کروڑ روپئے کی جائیداد ہے، لیکن اتنے پیسے نہیں ہیں کہ ہم قرض ادا کرسکیں، کیا ہمارے والد کا حج قبول ہوگا یا نہیں؟ جواب: اگر آپ کے والدین اور دادی حج کی شرائط و آداب کی رعایت کرتے ہوئے حج کریں گے تو حق تعالیٰ کی ذات سے قوی امید ہے کہ باری تعالیٰ ان لوگوں کے حج کو قبول فرمائیں گے۔ (فتویٰ (ل): 1127=859-8/1431، دارالافتا، دارالعلوم دیوبند)
غیر مسلم ممالک کی اشیائے خوردونوش
سوال: کوریا جیسے غیر مسلم ملک میں آئس کریم، پِیزا اور دیگر اشیائے خوردنی کے سلسلے میں شریعت کا حکم کیا ہے؟ ہمیں اس میں کسی حرام جز کی آمیزش کا یقین نہیں ہے۔ مزید برآں اکثر حالات میں ہمیں معلوم نہیں ہوتا کہ کسی جز کا مصدر و منبع کیا ہے، خواہ وہ کسی پودے سے متعلق ہو یا جانور سے۔ نیز اگر کوئی چیزتفصیلات میں جائے بغیر ظاہری طور پر حلال و جائز معلوم ہوتی ہو تو کیا ہم اس کو استعمال کر سکتے ہیں؟ کسی شے کے حلال و حرام ہونے کا بنیادی اصول کیا ہے؟ یہاں آسٹریلیا سے گوشت آتا ہے اور دیگر غیر مسلم ممالک سے چکن آتا ہے، ان اشیا پر حلال لکھا ہوا ہوتا ہے، لیکن ہمیں ان کے طریقہ ذبح کے سلسلے میں کوئی علم نہیں ہے۔کیا میں یہ گوشت نہ کھاؤں یا اس سلسلے میں تحقیق کروں؟
جواب: اشیا میں اصل اباحت ہے، لیکن اگر کسی چیز میں حرام اجزا ملائے جانے کا شک ہوگیا ہے، تو اس کے استعمال سے احتیاط کرنی چاہئے۔ اگر آپ خود حلال و حرام کی تحقیق کرسکتے ہیں تو خود تحقیق کرکے اور علما سے مشورہ کرکے اس پر عمل کریں، ورنہ عافیت اسی میں ہے کہ احتیاط کریں۔ چکن وغیرہ کے بجائے مچھلی استعمال کریں، یا خود گھر میں ذبح کا اہتمام کریں۔(فتوی: 890/ ب= 834/ب، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More