امتحانی مراکز میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

0

کراچی (رپورٹ :عظمت علی رحمانی )میٹرک بورڈ نے سالانہ امتحانات میں نقل کی روک تھام کا پلان قبل از وقت ترتیب دے دیا ،امتحان گاہ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جائے گی ،نقل مافیا اور سینٹر مافیا دونوں کی ملی بھگت کو ختم کیاجائے گا ،سی سی ٹی وی کیمروں کا کامیاب تجربہ دسویں کے ضمنی امتحانات میں کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق میٹرک بورڈ کی جانب سے سالانہ امتحانات میں نقل کی بڑھتے ہوئے رحجان کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرنا شروع کردیئے ہیں ۔ملک بھر میں کراچی کے امتحانی مراکز میں نقل کرنے کے واقعات کو روپورٹ کیا جاتا ہے ،جس سے بچنے کے لئے میٹرک بورڈ کی جانب سے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر دسویں جماعت کے ضمنی امتحانات میں 6امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے کامیاب تجربے کے بعد اس سلسلے کو سالانہ امتحانات تک بڑھانے کے لئے غور شروع کردیا گیاہے ،میٹرک بورڈ کی جانب سے سالانہ امتحانات میں شہر بھر کے 3لاکھ کے لگ بھگ طلبہ و طالبات کے لئے 390سے زائد امتحانی مراکز بنائے جاتے ہیں ،جن میں سے میٹرک بورڈ کے انویجلیٹرز، ویجیلیٹرز ،سینٹر سپرنٹنڈنٹ اور دیگر خصوصی ٹیموں کے باوجود بھی نقل جاری رہتی ہے ،جس کی وجہ سے امتحانی مرکز کی انتظامیہ، نقل مافیا اور سینٹر مافیا کو کنٹرول کرنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔ مذکورہ پروجیکٹ میں 390میں سے نصف یعنی 180کے لگ بھگ امتحانی مراکز میں کیمرے لگائے جائیں گے۔ مذکورہ کیمرے ان مراکز میں نصب کئے جائیں گے ،جو بلدیہ ،لیاری ،کورنگی ،اورنگی ،نیو کراچی ،گڈاب ٹاؤن میں واقع ہے اور نقل مافیا کی جانب سے زیادہ تر انہی سینڑوں میں اپنا کنڑول کیا جاتا ہے ،تاہم ان 390میں سے بیشتر امتحانی مراکز میں سے ڈی ایچ اے ،کلفٹن ،صدر ،گلشن اقبال میں قائم اسکولوں میں پہلے سے سی سی ٹی وی موجود ہیں ،اس لئے اس بار سینٹر کے پرفامے میں ایک شق کا اضافہ کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کا بھی سوال کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ میٹرک بورڈ نے امثال سینٹر مافیا کا راستہ روکنے کے لئے بورڈ کی گورننگ باڈی میں پرائیویٹ اسکول کے نمائندے کو لیا ہی نہیں ہے۔پرائیویٹ اسکولوں کی ایسوسی ایشن کے نمائندے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے امتحانی مراکز کا قیام کراتے ہیں۔ اس حوالے سے میٹرک بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان میں موجود بورڈز کے تاریخ میں پہلی بار سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے امتحان کی مانیٹرنگ کا نظام اس لئے کیا ہے کہ ہمیں سبکی ہوتی ہے کہ ہم جتنی بھی کوشش کرلیں ،مگر نقل پھر بھی ہوتی ہے۔ اب نقل کرنے والے اور کرانے والے واضح نظر آئیں گے ،جس کے بعد دونوں کے خلاف کارروائی بھی ممکن ہو سکے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More