فرانس میں احتجاج پھیل گیا – خاتون ہلاک

0

پیرس(امت نیوز) فرانس میں پیٹرول نرخوں میں اضافے و بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف 2 ہفتوں سے فرانس میں جاری احتجاج پھیل گیا ہے ۔پیر کو گھر میں موجود 80سالہ خاتون آنسو گیس کا شیل لگنے سے ہلاک ہو گئی،جس سے احتجاج کے دوران مرنے والوں کی تعداد3ہو گئی۔سیکڑوں افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں ۔فرانس کے مختلف شہروں میں مظاہروں میں توڑ پھوڑ کے دوران مزید درجنوں عمارتوں و گاڑیوں کو نذر آتش کردیاگیا ۔فرانس کی معروف محراب فتح میں نصب مجسموں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا جا چکا ہے ۔صرف پیرس سے جھڑپوں میں مزید 400افراد گرفتار کیےگئے ،جن میں 18سال سے کم عمر کے33بچے شامل ہیں۔فرانس کی حکومت نے ہنگامی حالات کے نفاذ پر غور شروع کر دیا ہے ۔ فرانس کے وزیر اعظم نے عوامی احتجاج پر سیاسی رہنماؤں سے طویل ملاقات کی ہے ،تاہم مظاہرین کے گروپ ان سے نہیں ملے ۔تفصیلات کے فرانس میں پیٹرول نرخوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف 2 ہفتوں سے جاری احتجاجی مظاہرے پھیل گئے ہیں ۔احتجاج میں اسپتالوں کا پیرا میڈیکل عملہ بھی شامل ہو گیا ہے۔ جنہوں نے اپنے حالات کار میں بہتری کے مطالبات کرتے ہوئے قومی اسمبلی جانے والے پل کو درجنوں ایمبولینسیں کھڑی کر کے بند کر دیا ۔مارشیلی شہر میں جمع ہزاروں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے پانی کی توپ چلائی اور آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے۔اسی دوران ایک ایک رہائشی عمارت میں مقیم 80سالہ خاتون فلیٹ کی کھڑکیاں بند کرتے ہوئے اچانک آنسو گیس کا گولہ چہرے پر آ لگنے سے بے ہوش ہو گئی۔اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران آپریشن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تحریک چلانے والےافراد زردرنگ کی جیکٹ پہن کر احتجاج کررہے ہیں اور ملک بھر میں ہونے والے شدید مظاہروں میں ایک لاکھ 36ہزارافرادحصّہ لے رہے ہیں۔مظاہرین صدر عمانویل کے استعفے اور ریاست نے ہمیں مار ڈالا کے نعرے لگا رہے ہیں ۔ادھر فرانس کے صدر عمانویل میکرون کی ہدایت پر وزیر اعظم ایڈوریڈفلپی نے کابینہ کے اہم وزرا کے ہمراہ سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مذاکرات کئے ہیں ،تاہم ان کی مظاہرین کے گروپوں سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔مظاہرین کے گروپوں کا کہنا ہے کہ عمانویل میکرون اپنی مصروفیات ترک کر کے سامنے آئیں اور تیل کی قیمتوں میں اضافے پر وضاحت دیں۔ادھر صدر عمانویل میکرون نے ہنگامی حالات کے نفاذ پر غور شروع کر کر دیا ہے ۔اتوار کی شب مظاہرین نے محراب فتح کے گرد کھڑی درجنوں گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More