خطیب کے قاتل سمیت متحدہ لندن کے 4دہشت گرد گرفتار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، جن میں سے ایک ٹارگٹ کلر مسجد کے خطیب کے قتل میں اشتہاری تھا۔ملزمان بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں۔رینجرز اور پولیس کی کارروائیوں میں اغوا کار اور گینگ وار کارندے سمیت 25ملزم بھی دھرلیے گئے۔ایک مغوی بچہ بازیاب کرالیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے مختلف کارروائیوں میں متحدہ لندن کے 4دہشت گردوں سمیت 14ملزم دھرلیے۔ ترجمان رینجرز کے اعلامیے میں کہا گیا کہ رینجرز نے سرجانی کے علاقے میں کارروائی کرکے سید غضنفر علی عرف موٹا کوگرفتار کرلیا۔ترجمان نے کہا کہ ملزم کا تعلق متحدہ لندن سے ہے ، جو ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے۔ملزم 2007سے 2013 کے دوران فعال کارکن رہا۔قتل کے علاوہ بھتہ خوری، کھالیں جمع کرنے اور لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔ملزم 2013میں مسجد کے خطیب کو قتل کرنے پر اشتہاری تھا۔ رینجرز نے زمان ٹاؤن اور کلفٹن کے علاقوں سے 3 ملزمان محمد عدنان عرف حلوہ، نعیم احمد عرف پیرزادہ اور محمد کاشف کو گرفتار کیا، جن کا تعلق متحدہ لندن سے ہے ۔ترجمان کے مطابق ملزمان ڈکیتی، لوگوں سے لوٹ مار کرنے اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔رینجرز نے دوسرے علاقوں سے 10ملزمان عمران، نورالاسلام، رحیم اللہ، محمد عمران، عرفان عرف کتورا، عمران عرف ارجن، محمد قاسم، انس بشیر، شہریار اور محمد ذیشان حیدر کو گرفتار کیا۔ بغدادی پولیس نے لیاری گینگ وار کے کارندے ارشاد عرف الو کو گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے تین ماہ قبل فائرنگ کرکے خاتون اور مرد کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا۔میٹھادر پولیس نے اغوا کار ناصر کو گرفتار کرکے مغوی بچے کو بازیاب کرالیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ 12سالہ سلمان ولد خائستہ رحمان گزشتہ روز لاپتہ ہوگیا تھا۔سائٹ اے پولیس نے 2 ملزمان آصف اور عالمگیر کو گرفتار کر کے نائن ایم ایم پستول، 2 دستی بم، مسروقہ سامان اور نقدی برآمد کرلی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان سائٹ اے ، پیر آباد اور موچکو پولیس کو مطلوب تھے۔شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم حبیب الرحمن عرف پپن ، عوامی کالونی پولیس نے ڈکیت افضل، بلال کالونی پولیس نے 2 ملزمان سلمان ، صدیق، عزیز ،بھٹی پولیس نے 2منشیات فروش یاسین ، محمد حسن ، اقبال مارکیٹ پولیس نے 4ملزمان آفاق، عبداللہ، محمد خان ، سہیل اور درخشاں پولیس نے منشیات فروش علی عامر کو دھرلیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More