یاسر شاہ نے ٹیسٹ کا 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
ابوظہبی(امت نیوز) مایہ ناز پاکستانی سپنر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹوں کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ یاسر شاہ نے جمعرات کو نیوزی لینڈ کے خلاف جاری آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 200 وکٹوں کا 82 سال پرانا عالمی ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کر کے نئی تاریخ رقم کی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کا عالمی اعزاز سابق آسٹریلوی سپنر کلیری گریمٹس کے پاس تھا جنہوں نے 1936ءمیں 36 ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کی ڈبل سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔ یاسر نے اب تک 33 میچز میں 200 وکٹیں لے رکھی ہیں اور اب وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے پہلے باؤلر بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت کے روی چندرن ایشون نے 37، وقار یونس اور ڈینس للی نے 38 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں۔