بیئر شیمپو کا استعمال
سوال: کیا بیئر شیمپو (Beer Shampoo)استعمال کرنا حرام ہے؟
جواب: اگر اس شیمپو میں حرام و ناپاک چیز شامل نہیں تو استعمال میں حرج نہیں۔ (فتویٰ : 826- 760/M= 8/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
حقہ و شیشہ کا نشہ
سوال: حقہ (شیشہ) کا کاروبار حلال ہے یا حرام؟ کیونکہ اس میں صرف پینے والے کا نقصان ہے۔ یہ ایک ہلکا زہر کی طرح ہے۔ کافی لوگوں کو اس میں نشہ بھی ہوتا ہے۔ اس کے استعمال میں جو تمباکو ڈالا جاتا ہے، اس میں لکھا ہے کہ یہ نقصان کرتا ہے اور حقہ اچھی جگہوں میں استعمال نہیں ہوتا، اس کی کمائی کیسی ہے؟
جواب: بھنگ (حشیش) چرس، افیون کھانا حرام وناجائز ہے، برائے تداوی (علاج) بقدر ضرورت استعمال کی گنجائش ہے، بشرطکہ متبادل جائز دوا موجود نہ ہو اور طبیب حاذق مسلم نے تجویز کی ہو اور مذکورہ چیزوں کی تجارت اور اس کی آمدنی پر حرام ہونے کا حکم نہیں، البتہ بہتر نہیں ہے۔ (فتویٰ :801-739/M=7/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
خون ہدیہ کرنا ثواب ہے
سوال: کیا ہم اپنے کسی رشتہ دار یا دوست یا ضرورتمند کو خون ہدیہ کر سکتے ہیں؟ کیا خون ہدیہ کرنے کی صرف گنجائش ہے یا پھر کسی مجبور یا ضرورتمند کو خون ہدیہ کرنا ثواب بھی ہے؟
جواب: اگر کسی مریض کو خون کی واقعی ضرورت ہو، خواہ وہ رشتہ دار ہو یا دوست یا عام ضرورت مند مریض، اور جس شخص کا گروپ مریض کے گروپ سے مل رہا ہے، وہ صحت مند بھی ہے، یعنی: خون دینے کی صورت میں اسے کوئی غیر معمولی تکلیف یا پریشانی لاحق ہونے کا اندیشہ نہیں ہے تو ایسی صورت میں مریض کو مفت (بلاعوض) خون دینا یہ ضرورت مند شخص کی ایک بڑی مدد ہے اور جو شخص رضائے الٰہی کے لیے ضرورت مند کو خون دے کر اس کی مدد کرے گا، تو حسب نیت حق تعالیٰ نے چاہا تو اسے ثواب بھی عطا فرمائیں گے۔ (فتویٰ :807-676/N=7/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
پراپرٹی کی فروخت پر کمیشن لینا
سوال: کیا کسی کی جائیداد کی خرید و فروخت پر کمیشن لینا جائز ہے؟ مثال کے طور پر اگر مجھے ایک پلاٹ 100 روپے کا ملتا ہے اور میں آگے پارٹی کو بولتا ہوں کہ آپ کو بلاٹ 110 کا مل جائے گا۔ اس صورت میں جو 10 ورپے میں نے رکھے ہیں، کیا وہ میرے لیے جائز ہوں گے؟ اگر جائز ہے تو کیوں اور اگر جائز نہیں ہے تو کیوں؟ رہنمائی فرمائیں۔
جواب: اگر دلالی کرنے والا کسی جائیداد کے فروخت کرانے میں یا خریدوانے میں بھاگ دوڑ اور محنت کرتا ہے تو اسے دلالی (کمیشن) لینا جائز ہے۔ دلال کو چاہیے کہ پہلے سے اپنا کمیشن متعین کرکے بتا دے، پھر وہ خریدوانے کے بعد اپنا کمیشن لے سکتا ہے، یعنی پہلے جائیداد کی قیمت بتا دے، پھر اپنا کمیشن الگ سے متعین کرکے بتا دے تو اس طرح کمیشن لینا دلال کے لئےصحیح ہوگا۔ (فتویٰ :848-683/B=8/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
٭٭٭٭٭
Next Post