شہباز شریف-مہمند ڈیم کے ٹھیکے پر پارلیمانی تحقیقات کا مطالبہ

0

اسلام آباد(امت نیوز) قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف نے مہمندڈیم کے ٹھیکے پرپارلیمانی تحقیقات کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ پڑوسی ملکوں سے امداد سپہ سالار کی وجہ سے مل رہی ہے۔ اس میں پی ٹی آئی حکومت کا کوئی کمال نہیں۔ فوجی عدالتوں میں توسیع پر بات ہوسکتی ہے۔ حکومت نے رابطہ کیا تو سوچ بچار کریں گے۔ پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر بہت خوش آئند ہے لیکن جس طریقے سے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ دیا گیا اس پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، ٹھیکے پر ہاؤس کمیٹی بننی چاہیے کیونکہ یہ مفادات کا ٹکراؤ ہے اور پیپرا رولز کی سفارشات کی خلاف ورزی سمیت محدود عوامی وسائل پر ڈاکہ زنی کے مترادف ہے، ایسی کیا قیامت آگئی تھی کہ دوسری بولی کو مسترد کردیا گیا۔ اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو اس وقت ملک میں20 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے جنگی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا، انتہائی شفاف طریقے سے 3600 میگاواٹ کے تین بجلی گھر لگائے گئے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آبی ذخائربناناوقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ڈیم انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، نوازشریف نے مہمند ڈیم کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے، دیامر بھاشا ڈیم کے لیے زمین ہماری حکومت میں 100 ارب روپے کی خریدی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا بحران دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، سرکلر ڈیٹ بھی اژدھا بن کر سامنے آ رہا ہے، پورے ملک میں مہنگائی کی شدید لہر ہے، غریب آدمی کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، ادویات کی قیمتوں میں 9 سے15 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جس سے علاج بھی ناممکن بنادیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے مزید کہا کہ دوست ممالک سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کی مہربانی ہے کہ وہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کو آئے۔ لیکن اس میں وزیراعظم یا حکومت کا کوئی کمال نہیں ، امداد ملنے میں سارا کردار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہے۔ کسی کوغلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More