منظور وسان اہلیہ دامادوں سمیت9کے اثاثوں کی چھان بین

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ ریونیو نے نیب کی ہدایت پر سابق پی پی رکن اسمبلی منظور وسان، اہلیہ ، 2 دامادوں، ایم پی اے منور وسان، چیئرمین ضلع کونسل خیرپور شہریار وسان و دیگر اہلخانہ سمیت 9 افراد کےاثاثوں کی چھان بین شروع کردی ہے۔ انسپکٹر جنرل رجسٹریشن و اسٹیمپ حیدرآباد نے صوبے کےتمام سب رجسٹرارز اور ریونیو حکام کوخط ارسال کر دئیے ہیں۔ نیب نے وسان خاندان کے مختلف بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں،آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔منظور وسان کا کہنا ہے کہ سندھ میں نیب کی آڑ میں جو کھیل کھیلا جا رہا ہے، اسکے بھیانک نتائج نکلیں گے۔ تفصیلات کےمطابق سابق وزیر منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی نیب تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔منظور وسان کے 2 داماد رکن اسمبلی منور وسان اور چیئرمین ضلع کونسل خیرپور شہریار وسان بھی تحقیقات کی زد میں آ گئے ہیں اور ان کےاثاثوں کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔ نیب حکام نےدعویٰ کیا ہے کہ انہیں منظور وسان کیخلاف ٹھوس شواہد ملے ہیں۔اس سلسلے میں ایس ای سی پی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر اداروں سے بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے زیادہ تر تفصیلات حاصل کرلی ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ نیب حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ ریفرنس جلد عدالت بھیجا جائے گا۔ دوسری جانب نیب کےحکم پر محکمہ ریونیو نے تمام سب رجسٹرارز سمیت اضلاع اور تعلقوں کی سطح پر دیگر افسران کو لیٹر ارسال کرکے وسان خاندان کے اثاثوں کی تفصیل طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی جی رجسٹریشن و اسٹیمپ محکمہ ریونیو حیدرآباد نے صوبے کے سب رجسٹرارز کو ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں کوتاہی نہ برتی جائے اور دیگر امورچھوڑ کر مانگی گئی تفصیلات نیب سکھر کو ارسال کی جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں آئی جی رجسٹریشن آفس نے گریڈ 17 کےافسر کو فوکل پرسن نامزد کیا ہے جو تمام رجسٹرارز اور دیگر ریونیو حکام سے تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔ حکام کو کہا گیا ہے کہ مطلوبہ تفصیلات بذریعہ فیکس ارسال کی جائیں۔ انسپکٹر جنرل رجسٹریشن و اسٹیمپ بورڈ آف ریونیو کو لکھے گئے نیب لیٹر No.740070(43)/IW-II/CO-B/T- 4/NABSukkur/2018/100 میں وسان خاندان کے اثاثوں سےمتعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہاگیا ہےکہ 18جنوری کو مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کےسامنے تفصیلات جمع کروائی جائیں۔ لیٹر میں منظور وسان، اہلیہ سلوانہ منظور، بیٹیوں سانیہ ، شازیہ، آمنہ، بیٹے ہالار وسان، داماد چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل خیرپور شہریار وسان ولد نادر وسان، داماد رکن سندھ اسمبلی منور وسان ولد پیرل وسان اور ممتاز بیگم بنت غلام نبی کے نام اور انکے قومی شناختی کارڈ نمبر شامل ہیں۔ ریونیو حکام کو کہا گیا ہےکہ وہ وسان خاندان کی تمام متحرک، غیر متحرک، خریدی گئی اور بیچی گئی تمام املاک کی تفصیلات جمع کریں اور بتائیں کہ وسان خاندان کی کتنی جائیدادیں ہیں۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر منظور وسان کا کہنا تھا کہ کچھ ہاتھ پی پی پر دباؤ کیلئے نیب کااستعمال کر رہے ہیں، لیکن ہمیں جھوٹے مقدمات سے نہیں ڈرایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ نیب کی آڑ میں جو کھیل کھیلا جا رہا ہے،اس کے نتائج خطرناک ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے،اس سے لگتا ہےکہ موجودہ حکومت زیادہ دن نہیں چلے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More