وزیر اعلیٰ سندھ صدر کا علاقہ راہ گیروں کیلئے مختص کرنے کے خواہاں

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر کا علاقہ راہ گیروں کیلئے مختص کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجاوزات سے پاک کرائے گئے ایمپریس مارکیٹ اور کراچی چڑیا گھر کے اطراف میں واقع علاقوں کو خوبصورت بنانے،سڑکوں کی تعمیر کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ آئندہ مالی سال میں نئی اسکیمیں شروع کرنےوکراچی کے جاری میگا پروجیکٹس کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات سعید غنی کو متاثرہ دکانداروں و تاجروں کی بحالی کا پلان منظوری کیلئے بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو بے یارومددگار نہیں چھوڑا جائے گا۔اجلاس میں وزیربلدیات سندھ سعید غنی ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ محمد وسیم ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری خزانہ نجم شاہ، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، اسپیشل سیکریٹری بلدیات نیاز سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹرکراچی پیکیج خالد مسرور و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ عارضی بنیاد پر متاثرہ دکانداروں کو فوری طورپر اسٹال دینا چاہتے ہیں جبکہ طویل المدتی بنیادوں پر مارکیٹ کیلئے جگہ کی نشاندہی کی جائے گی۔ دنیا بھر کی طرح کراچی میں رات گئے تک چلنے والی مارکیٹیں بھی شروع کی جاسکتی ہیں۔کمشنر کراچی نے تجویز دی کہ پتھارے والے صدر میں رات9سےصبح3بجے تک نائٹ مارکیٹ میں ایڈجسٹ ہوسکتے ہیں ۔اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں نائٹ مارکیٹ کی تجویز تیار کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر بلدیات کو گرائی گئی دکانوں و ڈھانچے کا ملبہ اٹھانے کیلئے تمام تر انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ میں اب تک ملبہ پڑا ہوا ہے ۔ایمپریس مارکیٹ کو اطراف میں سڑک تعمیر کرکے بحال کیا جائے گا۔وہاں لوگوں کے بیٹھنے کیلئے چھوٹاپارک بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اسپیشل سیکریٹری بلدیات نیاز سومرو اور پی ڈی کراچی پیکیج خالد مسرور کوایمپریس مارکیٹ کی خوبصورتی کے لیے کام شروع کیا جائے۔کراچی چڑیا گھر دکانیں بلڈوز کئے جانے کے مقام پر دیوار تعمیر کی جائےاور تمام علاقے کی خوبصورتی کے لیے فٹ پاتھ بھی تعمیر کیے جائیں ۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم کو آرام باغ میں پارک کی ترقی کیلئے پی سی ،مو واینڈ پک کے درمیان انڈر پاس کی طرح ٹنل تعمیر کرنے ،میٹروپول ہوٹل سے میرٹ ہوٹل جانے والی ٹریفک کے لیے 50 فٹ لینڈ کی تعمیر کرنے کی اسکیمیں تیار کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے توقع ظاہر کی دونوں ہوٹلوں کے درمیان ٹنل بننے سے ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہو گا اور ٹنل میں شاپنگ کیلئے مناسب مارکیٹ بھی بن جائے گی۔کراچی پیکیج کی مختلف اسکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو اورنگی نالہ نزد حبیب بینک پر ایک ارب روپے کی لاگت سے پُل کی توسیع اورلی مارکیٹ کے اطراف میں سڑکوں کی تعمیر شروع کرنے کا حکم دیا جس کیلئے 64کروڑ91لاکھ روپے پہلے ہی مختص کیے جاچکے ہیں۔ایک ارب 20کروڑ کی لاگت سےآٹھ ہزار روڈ جام صادق پُل تا داؤد چورنگی کی دوبارہ تعمیر پر کام کی رفتارتیز کرنے کی ہدایت کی ۔کمشنر کراچی افتخار شالوانی کوناتھا خان پُل پر یو ٹرن کی تعمیر کے لیے زمین چھوڑنے کے سلسلے میں بات شروع کرنے کا حکم دیا ۔ اس اسکیم کے لیے 21کروڑ44 لاکھ 44 ہزار پہلے ہی مختص ہیں ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ آئندہ بجٹ میں کراچی کے لیے سڑکوں ، ڈرینیج اور دیگر مزیدترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کی جائے گی۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More