’’کرکٹرز کا چنائو سیاسی بنیاد پر کیا جاتا ہے‘‘
کراچی (خبر ایجنسی )ٹیسٹ اوپنر خرم منظور نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ٹیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب سیاسی اثر و رسوخ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے 32 سالہ اوپنر خرم منظور نے قائداعظم ٹرافی 2018 میں کراچی وائٹس کے لیے 8 میچوں میں 68.15 کی اوسط سے 886 رنز 3 سینچریوں کی مدد سے بنائے، تاہم مسلسل نظر انداز کیے جانے پر اب وہ پھٹ پڑے ہیں۔انہوں نے سلیکشن پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ انگلینڈ لیگ کرکٹ کھیلنے اس لیے نہیں جاتے کہ پاکستان میں پورا فرسٹ کلاس سیزن کھیلیں اور قومی ٹیم میں واپسی کریں، لیکن انھیں مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اور ہم کس طرح ٹیم میں واپس آسکتے ہیں؟ ہمارے پاس کوئی تگڑی سفارش نہیں، ہمارا اسلام آباد میں کسی سیاسی شخصیت سے رابطہ نہیں تو کیا ہم یوں ہی منہ دیکھتے رہیں گے؟خرم منظور کا مزید کہنا تھا کہ اب تو پاکستان کرکٹ کے حلقوں میں یہ بات عام ہے کہ اگر آپ کے پاس مضبوط سفارش اور سیاسی اثر و رسوخ ہے تو پاکستان ٹیم میں آنے سے آپ کو کوئی روک نہیں سکتا۔