ٹی وی کےمعروف اداکار گلاب چانڈیوانتقال کر گئے

0

بینظیرآباد(امت نیوز)سندھی اور اردو سمیت ملک کی دیگر زبانوں کے درجنوں ڈراموں اور فلموں میں لازوال کردار ادا کرنے والے معروف اداکار گلاب چانڈیو بیماری کے باعث انتقال کر گئے۔مرحوم شگر سمیت دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ مختلف ڈراموں اور فلموں میں بہترین اداکاری پر صدارتی ایوارڈ بھی جیتا۔مرحوم فنکشنل لیگ اورتحریک انصاف کے کلچرل ونگ سے بھی وابستہ رہے-گلاب چانڈیو نے سندھ کے ضلع نوابشاہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں شہمیر چانڈیو میں جنوری 1956کو جنم لیا اور نوجوانی میں ہی اداکاری کی شروعات کی۔گلاب چانڈیو نے ابتدائی طور پر ریڈیو اور اسٹیج پر اداکاری کے جوہر دکھائے، جس کے بعد انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اداکاری کے جوہر دکھائے۔گلاب چانڈیو نے اداکاری کی شروعات سندھی ڈراموں سے کی اور انہوں نے سندھ کے کلاسیکل کرداروں کو شاندار طریقے سے نبھایا۔گلاب چانڈیو کو یہ اعزاز بھی جاتا ہے کہ انہوں نے سندھی اور اردو ڈراموں میں سندھ کے ایسے جرائم پیشہ افراد کے کردار بھی نبھائے جو آج بھی فکشن میں کلاسک کردار مانے جاتے ہیں۔گلاب چانڈیو نے نہ صرف سندھی بلکہ اردو اور سرائیکی سمیت بلوچی زبان میں بھی اداکاری کی۔ مرحوم نے 1980سے لے کر 1995تک اپنی اداکاری سے ملک کے عوام کو محظوظ کیا۔گلاب چانڈیو زندگی کے آخری سالوں تک اداکاری اور آرٹس سے وابستہ رہے، انہیں ان کی اداکاری پر صدارتی ایوارڈ سمیت دیگر اعلیٰ ایوارڈز بھی دیے گئے۔گلاب چانڈیو نے سیاست میں بھی قسمت آزمائی کی اور وہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل (پی ایم ایل ایف) سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کلچرل ونگ سے وابستہ رہے۔گزشتہ چند دن سے گلاب چانڈیو کی طبیعت ناساز تھی، اس لیے انہیں 2دن قبل ہی کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ انتقال کر گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More