15 ہزار الاؤنس کیلئے اساتذہ جامعہ کراچی انتظامیہ کو بلیک میل کرنے لگے

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر عاصم حسین نے صوبائی ایچ ای سی چیئرمین شپ کی سیٹ بچانے کیلئے 30 ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا،اساتذہ کا ان کیخلاف احتجاج ختم کرانے کے لئے 150 فیصد اضافی پی ایچ ڈی الاؤنس کا نوٹیفیکیشن تو جاری کیا گیا ،تاہم گزشتہ سال جولائی سے پی ایچ ڈی الاؤنس کی مد میں گرانٹ جاری نہ ہونے پر اساتذہ نے طلبہ کو ڈھال بنانا شروع کردیا اور انتظامیہ کو بلیک میل کرنے لگے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر عاصم حسین نے جامعات کے پی ایچ ڈی اساتذہ کو اضافی 15ہزار روپے جاری کرنے کا وعدہ کر کے اپنی سیٹ تو بچالی تاہم معلوم ہوا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے گزشتہ سال جون کے بعد سے تاحال پی ایچ ڈی الاؤنس کی مد میں جامعہ کراچی کے 4سو زائد اساتذہ کو 15ہزار روپے کی اضافی گرانٹ جاری نہیں کی۔ معلوم ہوا ہے کہ جامعہ کراچی کے پی ایچ ڈی اساتذہ گزشتہ 8ماہ سے صوبائی حکومت کی جانب سے پی ایچ ڈی الاؤنس کی مد میں گرانٹ نہ ملنے پر سراپا احتجاج ہیں اور اضافی 15ہزار روپے حاصل کرنے اور مذکورہ الاؤنس کو تنخواہ کا حصہ بنانے کے لئے 30ہزار سے زائد طلبہ کے مستقبل سے کھیلنا شروع کردیا ہے، انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی الاؤنس کے لئے گزشتہ روز سے کلاسز کا بائیکاٹ کیا گیا ،جسے 24 جنوری تک جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔انجمن اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ساڑھے چار سو ملین کی سالانہ صوبائی گرانٹ بڑھا کر طالب علموں کے تناسب کے مطابق دیا جائے۔ پی ایچ ڈی الاؤنس کو تنخواہ کا حصہ بنایا جائے اور ایوننگ کلاسز کے بلوں کی تاحال التوار کا شکار بقایاجات کی فوری ادائیگی کی جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ جامعہ کراچی کو صوبائی حکومت کی جانب سے تقریباً 5کروڑ روپے کی پی ایچ ڈی الاؤنس کی مد میں گرانٹ کا انتظار ہے اور جامعہ کراچی کی سینڈیکیٹ کی قرار داد کے مطابق اضافی 15ہزار روپے کا پی ایچ ڈی الاؤنس صرف پی ایچ ڈی لاؤنس کی مد میں ملنے والی گرانٹ سے ہی جاری کیا جا سکتا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ صوبائی حکومت نے اس سے قبل گزشتہ سال جون میں بھی 5ماہ کی تاخیر کے بعد جامعہ کراچی کو 3کروڑ روپے کی گرانٹ پی ایچ ڈی الاؤنس کی مد میں جاری کی تھی ،جسے جامعہ انتظامیہ نے فی کس 75ہزار روپے کے بقایاجات جاری کر کے احتجاج ختم کرایا تھا، تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے گزشتہ 8ماہ سے اضافی 15 ہزار روپے کی گرانٹ جاری ہی نہیں کی گئی ،جس کی وجہ سے فی کس اساتذہ کے ایک لاکھ 20ہزار روپے کے واجبات بن گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ صوبائی ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین نے دوسری مدت برقرار رکھنے کے لئے 150فیصد اضافی پی ایچ ڈی الاؤنس کی مد میں ماہانہ طور پر جاری کرنے کا اعلان توکیا ،تاہم اس کوبروقت جاری نہ کر کے طلبہ کامستقبل داؤ پرلگا دیا ہے۔ دوسری جانب جامعہ کراچی انتظامیہ نے گزشتہ پانچ7ماہ میں ایوننگ پروگرام کی تنخواہوں، الاؤنس اور امتحانی کاپیاں چیک کرنے کی مد میں تقریباً 8 کروڑ روپے کے کی ادائیگیاں کی،جس میں ایوننگ کی تنخواہوں اور الاؤنس کی مد میں ایک کروڑ 22لاکھ 16ہزار789 روپے اور امتحانی کاپیاں چیک کرنے کی میں 6 کروڑ 77 لاکھ 28ہزار 424روپے جاری کر چکا ہے۔ جامعہ کراچی کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی ایچ ای سی نے جامعہ کراچی کو ملنے والی سالانہ گرانٹ سے پی ایچ ڈی الاؤنس کی ادائیگی کرنے سے روکا ہے۔ واضح رہے کہ پی ایچ ڈی الاؤنس کو جامعہ کراچی نے دینے سے انکار نہیں کیا بلکہ اس کو سندھ حکومت کی جانب سے اس مد میں ملنے والی گرانٹ سے مشروط کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More