والدین نے اسکول فیسوں میں اضافے کیخلاف خودسوزی کی دھمکی دیدی

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نجی اسکولز میں زیر تعلیم طالب علموں کے والدین نے عدالتی احکامات کے باوجود اسکول فیسوں میں کمی نہ کرنے کیخلاف خودسوزی کی دھمکی دیدی۔پیرنٹس ایکشن کمیٹی کے عہدیدار عبدالرحمان،طلحہ رانا، فیصل صدیقی،دانش ادریس،شعیب مدسر، عدیل شجاعت، محمود عالم،سیماب بٹ نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہینہ گزرجانے کے باوجود سپریم کورٹ کے احکامات پر پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے عمل نہیں ہوا ہے ۔پچھلے 7 سال سے تعینات ڈی جی پرائیویٹ اسکولز صرف درخواست وصول کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے احکامات جاری ہوئے تھے کہ پورے پاکستان کے نجی اسکول اپنی فیسوں میں 20 فیصد کمی کریں لیکن تمام پرائیویٹ اسکولوں نے 40 فیصد بڑھا کر 20 فیصد کمی کی ہے ۔ بغیر کسی قانون کے تحت فیس میں اضافہ قابل قبول نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز مالکان قوم کو بیوقوف بنانے کے ساتھ سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑارہے ہیں ۔ ہمار ی سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ کوئی ایسا میکنزم بنایا جائے جس کے ذریعہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو ہم دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے اور مسئلہ حل نہ ہوا تو اسکولوں کے سامنے خود سوزی کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More