پی ایس ایل فور کو چارچاند لگانے کےلئے تگڑی سرمایہ کاری

0

ندیم بلوچ
پی سی بی نے گزشتہ تین ایڈیشنز کے مقابلے میں اس بار پی ایس ایل فور کو چار چاند لگانے کیلئے تگڑی سرمایہ کاری کی ہے۔ دیگر لیگز سے برابری کیلئے اس پاور شو کا آغاز آج پرکشش افتتاحی تقریب سے ہونے جارہا ہے۔ ایونٹ میں پہلی مرتبہ معروف امریکی گلوکار پیٹ بل دس منٹ کی پرفارمنس کے 7 لاکھ ڈالر لے رہے ہیں۔ جبکہ ’’جنونی‘‘ علی عظمت اور سلمان احمد طویل عرصے بعد ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ دوسری جانب اسٹیج کی تیاری اورآتش بازی کا ٹھیکہ بھارتی کمپنی کو دیا گیا ہے۔ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر افتتاحی تقریب کی ٹکٹ دھڑا دھڑ فروخت ہورہی ہیں۔
’’امت‘‘ کو دستیاب اطلاعات کے مطابق آج دبئی کے اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کی ڈیڑھ گھنٹے کی تقریب میں 75 کروڑ روپے پھونک دیئے جائیں گے۔ یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر صرف افتتاحی تقریب پر سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ تین افتتاحی تقریبات میں 35 کروڑ روپے کی حد مقرر کی گئی تھی۔ افتتاحی تقریب کا آغاز آج رات پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔ گزشتہ روز پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکر خان اور ایم ڈی بورڈ وسیم خان پی ایس ایل کے سلسلے میں کئے جانے والے تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔ تمام تر ٹیکنیکل اور ایونٹ مینجنگ اسٹاف سمیت مقامی اور غیر ملکی فنکار اپنی ریہرسل مکمل کر چکے ہیں۔ جبکہ فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے دنیا کے نمبر ون گلوکار پیٹ بل آج شام چارٹر فلائٹ کے ذریعے بنکاک سے دبئی پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پیٹ بل صرف سرکاری سطح پر دعوت نامہ ملنے پر ہی دوسرے ممالک میں پرفارم کرتے ہیں۔ لیکن انہیں پی ایس ایل میں کرکٹرز اور ویوورز کا جوش بڑھانے کیلئے ایم ڈی بورڈ وسیم خان نے قائل کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے انہیں 7 لاکھ ڈالرز ادا کئے ہیں۔ وہ صرف دس منٹ میں اپنے دو ہپ پاپ سانگ گاکر واپس چلتے بنیں گے۔ پیٹ بل کی مختصر خدمات کا مقصد پی ایس ایل کو امریکی ریاستوں میں بھی برانڈ کے طور پر پیش کرنا ہے۔ پیٹ بل کے اس وقت دنیا بھر میں کم ازکم 32 کروڑ کے فالورز ہیں۔ ان کی لائیو فارمنس دیکھنے کیلئے صرف دبئی میں پرستاروں کی تعداد ہزاروں بتائی جارہی ہے۔ افتتاحی تقریب میں ’’فارن پیکیج‘‘ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر متعارف کرانے کا مقصد اسٹیڈیم میں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی تماشائیوں کو اکٹھا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ افتتاحی تقریب میں عمر رسیدہ افراد کے ذوق کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ 80ء کی دہائی میں مقبول ہونے والے امریکی پاپ بینڈ بونی ایم کی دس منٹ پر مشتمل پرفارمنس کیلئے لیگ انتظامیہ نے ڈیڑھ لاکھ ڈالر خرچ کئے ہیں۔ پاپ بینڈ ڈیڈی کول اور نائٹ فلائٹ ٹو وینس جیسے مقبول گانوں سے میدان میں سماں باندھے گا۔ فواد خان کو علی ظفر کی جگہ اس بار پی ایس ایل برانڈ امبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ یونٹ کے ٹائٹل سانگ کے ساتھ اسٹیج پر زمبا ڈانس (رسیوں کے ذریعے رقص پیش کرنا) کیلئے چنے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فواد خان کو ایک سیزن کور کرنے کیلئے ایک کروڑ روپے دیئے گئے ہیں۔ جبکہ افتتاحی تقریب میں پاک بھارت پرستاروں کے دلوں کی دھڑکن جنون گروپ کے علی عظمت اور سلمان احمد تقریباً دس برس بعد ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔ یہ دونوں اوپننگ سیرمنی کے اختتامی وقت پر پرفارم کرنے آئیں گے۔ اس کے علاوہ عائمہ بیگ، شجاع حیدر اور ینگ دیسی بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ دوسری جانب پی ایس ایل فور کی افتتاحی تقریب کو گلیمرس بنانے کیلئے امارات میں موجود بھارتی ایونٹ اینڈ کنسرٹ مینجمنٹ فرم کو ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا دورانیہ 10 منٹ کا رکھا گیا ہے۔ جس کی مالیت دو لاکھ ڈالر بتائی جارہی ہے۔ اسٹیڈیم میں فائر ورک فریمز کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ ڈانس فلور اور اسٹیڈیمز کو مختلف رنگوں میں تبدیل کرنے کیلئے عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اسستعمال کی جارہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی سپر ڈوپر افتتاحی تقریب کی ٹکٹوں کی قیمت بیس درہم سے دو سو نوّے درہم تک رکھی گئی ہے۔ تاہم ویلنٹائن ڈے کے موقع پر پی ایس ایل فور کی افتتاحی تقریب میں کمی بھی کی گئی ہے۔ پی سی بی کے بقول پہلے روز 15 ہزار تماشائیوں کی آمد متوقع ہے۔ ادھر افتتاحی تقریب کے بعد رات ساڑھے دس بجے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 17 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور چھٹی ٹیم (سابقہ ملتان سلطانز) حصہ لیں گی۔ دوسری جانب ماضی کے مقابلے میں اس بار پاکستان سپر لیگ کو کولن منرو اور ابراہم ڈی ویلیئرز سمیت کئی نامور ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔ اس سے قبل تین ایونٹس میں تقریباً 77 غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے چکے ہیں۔ انگلینڈ کے سب سے زیادہ کھلاڑیوں نے اس لیگ میں شرکت کی۔ تینوں ایونٹس میں انگلینڈ کے 24، ویسٹ انڈیز کے 17، سائوتھ افریقہ کے 9، بنگلہ دیش کے 7، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے چھ چھ کھلاڑی، سری لنکا کے چار، زمبابوے کے دو، افغانستان اور نیدرلینڈ کا ایک ایک کھلاڑی شامل تھا۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More