سرفرازکو اکسانے کی کوشش بکی کو مہنگی پڑگئی

0

دبئی (امت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو سپاٹ فکسنگ کی پیشکش کرنے کا الزام ثابت ہونے پر عرفان انصاری نامی شخص پر دس برس کی پابندی عائد کر دی ہے۔عرفان انصاری پر الزام تھا کہ انھوں نے اکتوبر 2017 میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی تھی۔آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انسدادِ بدعنوانی ٹربیونل نے انھیں ضابط اخلاق کی تین شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا۔بیان کے مطابق اس معاملے کی سماعت کے دوران ٹربیونل کو ٹھوس ثبوت ملے کہ عرفان انصاری کی سرفراز سے ملاقات کا مقصد ان سے معلومات کا حصول تھا۔خیال رہے کہ سرفراز احمد نے اس بارے میں پاکستانی ٹیم کی منیجمنٹ اور اینٹی کرپشن یونٹ کو فوری طور پر مطلع کر دیا تھا جس کے بعد تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ عرفان انصاری پر آئی سی سی کے ضابط اخلاق کا اطلاق ان کے پاکستانی کرکٹ ٹیم سے رابطوں اور متحدہ عرب امارات میں دو کرکٹ ٹیموں کے کوچ ہونے کے ناتے ہوتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More