عیب دار شے فروخت کرنے پر فرشتوں کی لعنت
(حدیث) حضرت واثلہؓ فرماتے ہیں کہ جناب رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا: (ترجمہ) جو آدمی کوئی عیب دار چیز خریدار کو بتلائے بغیر فروخت کرتا ہے تو وہ خدا کی بیزاری میں رہتا ہے اور فرشتے اس پر لعنت کرتے رہتے ہیں (یہاں تک کہ اس کو اپنی شے کا عیب بتلا دے۔) (مشکوٰۃ)
(فائدہ) معلوم ہوا کہ عیب دار مال خریدار کو بتلائے بغیر فروخت کرنا گناہ ہے ہاں اگر یوں کہے کہ میرا یہ مال جیسا ہے خوبی یا عیب کے ساتھ میں فروخت کرتا ہوں اور خریدار کہے کہ تمہاری چیز جیسی بھی ہے، میں اس کا خریدنا منظور کرتا ہوں تو پھر گناہ نہ ہو گا۔
ختم قرآن پر استغفار
(حدیث) حضرت سعد (بن ابی وقاصؓ) فرماتے ہیں کہ جناب رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) جو شخص قرآن کریم کو شروع دن کے وقت ختم کرتا ہے اس کیلئے خدا کے فرشتے شام تک رحمت اور مغفرت کی دعائیں کرتے ہیں اور جو اس کو آخر دن میں ختم کرتا ہے، اس پر فرشتے صبح ہونے تک رحمت و مغفرت کی دعائیں کرتے ہیں۔
(فائدہ) ان فرشتوں سے مراد یا تو وہ فرشتے ہیں، جو ہر انسان کے ساتھ بطور محافظ مقرر کئے گئے ہیں یا وہ فرشتے ہیں، جو قرآن اور اس کے سننے کیلئے مقرر کئے گئے ہیں۔
غلط نام سے بلانے پر فرشتوں کی لعنت
(حدیث) حضرت عمیر بن سعدؒ سے مروی ہے کہ جناب رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) جو کسی آدمی کو اس کے نام کے علاوہ (کسی اور نام سے یا نام بگاڑ کر کے) بلاتا ہے تو اس پر فرشتے لعنت کرتے ہیں۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭
Next Post