کلاشنکوف بردار ملزمان کی ٹرک اسٹینڈ میں لوٹ مار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلاشنکوف بردار ملزمان دن دیہاڑے ماڑی پور کی پرہجوم سڑک پر قائم ٹرک اسٹینڈ کی 6 دکانوں میں لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے۔ملزمان کو سڑک پر وی آئی پی پروٹوکول اور پولیس افسران کی موجودگی بھی واردات سے نہ روک سکی۔ واردات سے چند گھنٹے بعد ہی اس سڑک سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو گزرنا تھا۔ واردات کے بعد ٹرک اسٹینڈ کے تاجروں میں غم و قصہ کی لہر دوڑ گئی، تاہم پولیس افسران نے منت سماجت کر کے متاثرین کو احتجاج کرنے سے یہ کہہ کر روک دیا کہ اس وقت سڑک پر وی آئی پی موومنٹ کا انتظام ہے اور ان کی عزت کا سوال ہے۔ماڑی پور تھانے کی حدود میں واقع ٹرک اسٹینڈ نمبر چار میں جمعہ کے روز دوپہر میں 3 موٹر سائیکلوں پر سوار6ملزمان کھلے عام اسلحہ کے زور پر 6دکانوں اور ہوٹلوں میں لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے۔اس واقعہ میں جن دکانداروں سے ڈکیتی کی واردات کی گئی ،ان میں راوی آٹوز ،زین ہارڈ ویئر،نعمت اللہ ،مطیع اللہ ،امیر اللہ اور بشیر احمد شامل ہیں۔گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری غلام محمد آفریدی نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ واردات کے وقت مرکزی روڈ پر وی آئی پی پروٹوکول لگا ہوا تھا، جب کہ افسران کے ساتھ ڈپٹی کمشنر اور علاقہ ایس پی بھی موجود تھے۔واردات میں دکانداروں سے لاکھوں روپے اور موبائل فون چھینے گئے۔اس واردات کی خاص بات یہ تھی کہ کلاشنکوف اور رپیٹرز اٹھائے ملزمان نے دھڑلے سے موٹر سائیکلیں سڑک کے کنارے کھڑی کیں اور ٹرک اسٹینڈ پر دکانوں میں لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس پہنچی۔ایس ایچ او لیاقت حیات نے ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے کسی شخص نے 15پر اطلاع دی تھی کہ اس سے نامعلوم ملزمان موبائل فون اور کیش لے کر فرار ہوگئے۔ اطلاع پر پولیس پہنچی اور ٹرک اسٹینڈ پر یونین آفس میں جاکر معلومات حاصل کی، لیکن وہاں سے کوئی معلومات نہیں ملی۔کال کرنے والے شخص کا موبائل فون مسلسل بند جارہا ہے ،جبکہ نہ ہی متاثرہ شخص نے تھانے سے کوئی رابطہ کیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More