منی لانڈرنگ کیس میں لوتھا کے ریڈ وارنٹ کی درخواست
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں بیرون ملک فرار ہونے والے ناصر عبداللہ حسین لوتھا، عارف خان، اعظم وزیرخان سمیت پانچ ملزمان کے ریڈ وارنٹ کے لئے بینکنگ کورٹ سے رجوع کرلیا ، عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی اور اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ وفاقی ادارہ پہلے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مکمل کرے جس کے بعد ہی ریڈ وارنٹ کی کارروائی ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں عرب امارات کے شہزادے کی حیثیت سے مشہور ناصر عبداللہ حسین لوتھا کا شمار شریک پی پی چئیرمین آصف علی زرداری کےقریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے اور وہ آج کل عرب امارات میں مقیم ہیں۔ذرائع کے مطابق ناصر لوتھا کو ضلع ٹھٹھہ میں مویشی فارمنگ کے نام پر کوڑیوں کے مول 5222 ایکٹرسرکاری اراضی الاٹ بھی کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس کے بعداسے منسوخ کردیا گیا تاہم سندھ حکومت نے بعد میں نئے نرخوں پر زمین الاٹ کردی۔ادھر احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین و دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ، عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کردی ہے ۔