ادارہ ترقیات سیوھن کے احتجاجی ملازمین پر پولیس ٹوٹ پڑی -10گرفتار
جامشورو (نمائندہ امت) ادارہ ترقیات سیوھن کے تنخواہوں کیلئے احتجاج کرنے والے ملازمین پر پولیس ٹوٹ پڑی۔ پولیس کے لاٹھی چارج سے متعدد ملازمین زخمی ہو گئے، جبکہ 10 کو گرفتار کر لیا گیا، جن کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیوھن ڈولپمنٹ اتھارٹی کے سیکڑوں ملازمین نے گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے جامشورو ٹول پلازہ کے قریب ایم 9موٹروے پر دھرنا دیکر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا، جس سے حیدر آباد سے کراچی جانے والی ٹریفک کئی گھنٹے تک معطل رہی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، اطلاع ملنے پر جامشورو پولیس کی بھاری نفری ایس ایس پی توقیر محمد نعیم کی سربراہی میں پہنچ گئی اور احتجاجی ملازمین پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کردیا پولیس کے لاٹھی چارج سے متعدد ملازمین زخمی بھی ہوئے۔ جبکہ1خاتون ملازمہ رفیعہ سلطانہ پنہور سمیت 10ملازمین حق نواز سیال، وحید ڈیتھو، نصراللہ تھیم، عصمت اللہ گوپانگ، جلیل بروہی، زاہد سہاگ، علی اکبر، شعیب جونیجو اور وحید جاکھرو کو گرفتار کر کے انکے خلاف مقدمہ نمبر 16/19درج کر دیا۔ مقدمہ میں 40دیگر نامعلوم ملازمین کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ رابطہ کرنے پر ایس ایچ او جامشورو اشفاق منگی نے گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔ تاہم تنخواہوں کی ادائیگی کے معاملے پر کسی حکومتی عہدیدار نے ملازمین کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔