بڑا نور حاصل کرنے کیلئے:
حافظ ابوبکر بزارؒ اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا ہے کہ جو شخص اس آیت کو رات کے وقت پڑھے گا، حق تعالیٰ اسے اتنا بڑا نور عطا فرمائے گا جو عدن سے مکہ شریف تک پہنچے۔ (یہ سورۃ کہف کی آخری آیت) (ابن کثیر ج 3 صفحہ 286)
آیت کا ترجمہ: ’’سو جو شخص اپنے رب سے ملنے کی آرزو رکھے تو نیک کام کرتا رہے اور اپنے رب کی عبادت میں کسی کو شریک نہ کرے۔‘‘
جو دعا مانگی جائے گی قبول ہوگی
حدیث شریف میں ہے کہ مندرجہ ذیل کلمات پڑھنے کے بعد جو دعا مانگی جاتی ہے، قبول ہوتی ہے۔
ترجمہ: ’’اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، وہ اکیلا ہے۔ اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کا سب ملک ہے۔ اسی کی سب تعریف ہے، وہی ہر چیز پر قادر ہے، اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور گناہوں سے بچنے اور
نیکی پر لگنے کی طاقت صرف اسی عظیم بلند و برتر ذات کی طرف سے ہے۔‘‘ (طبرانی، منتخب احادیث صفحہ 340)
جو مانگے وہ عطا ہو
حضرت حسنؒ فرماتے ہیں کہ حضرت سمرہ بن جندبؓ نے فرمایا: کہ میں تمہیں ایک ایسی حدیث نہ سناؤں، جو میں نے رسول اقدسؐ سے کئی مرتبہ سنی اور حضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ سے بھی کئی مرتبہ سنی ہے۔ میں نے عرض کیا ضرور سنائیں، حضرت سمرہؓ نے فرمایا: جو شخص صبح اور شام یہ پڑھے:
ترجمہ: ’’اے اللہ! آپ ہی نے مجھے پیدا کیا اور آپ ہی مجھے ہدایت دینے والے ہیں اور آپ ہی مجھے کھلاتے ہیں اور آپ ہی مجھے پلاتے ہیں اور آپ ہی مجھے ماریں گے اور آپ ہی مجھے زندہ کریں گے۔‘‘
اس دعا کے پڑھنے کے بعد حق تعالیٰ ضرور اس کو عطا فرمائیں گے۔ (رواہ الطبرانی فی الاوسط باسناد حسن مجمع الزوائد) (جاری ہے)
٭٭٭٭٭