ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت،ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا:وزیراعظم

2017 سے 2022 کے دوران اوور انوائسنگ کا منظم سلسلہ جاری رہا، جبکہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے ادا کرنے میں ناکام رہے

               
April 15, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم قوم کی امانت ہے، جس کی حفاظت اور شفاف استعمال حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور ہر پائی کا حساب دینا لازم ہے۔

انہوں نے یہ بات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں اوور انوائسنگ سے متعلق قائم کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ 2017 سے 2022 کے دوران اوور انوائسنگ کا منظم سلسلہ جاری رہا، جبکہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے ادا کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے اس معاملے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں مشتاق احمد سکھیرا کی سربراہی میں تیار کردہ رپورٹ کو سراہا گیا، جبکہ شاہد خان کی قیادت میں ایک نئی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی، جو ذمہ دار افراد اور اداروں کا تعین کر کے محکمانہ کارروائی کی سفارشات پیش کرے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو مزید فعال بنایا جائے اور اس میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اور انٹیلیجنس بیورو کے نمائندے بھی شامل کیے جائیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کی جانب سے ایک سینٹرلائزڈ ویلیو ویریفکیشن پورٹل تیار کیا گیا ہے، جسے جون کے آخر تک بینکنگ سسٹم سے منسلک کر دیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ اوور انوائسنگ کے اس معاملے کی نشاندہی اکتوبر 2022 میں کی گئی تھی، جس کے بعد اب تک 13 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔