بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں21 دہشت گرد ہلاک۔ 6 جوان شہید
نوچکا میں فتنۃ الہندوستان کی غیرقانونی چیک پوسٹ،زیارت کراس میں کسٹمز ہاؤس پر حملہ
فائل فوٹو
اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب نوچکا، ضلع چاغی، اور زیارت کراس، ضلع پشین میں متعدد واقعات کے دوران سکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے 21 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
31 اگست کو فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے این-40 کوئٹہ، تفتان ہائی وے پر مسافروں کی پُرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے کے لیے بھتہ خوری کی غرض سے غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک کر دیے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملہ کرکے اسے توڑنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی سکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید ہلاکتیں ہوئیں۔
کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو اپنی قانونی ذمہ داریاں انجام دینے سے روکنا اور علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کے تسلسل کو ممکن بنانا تھا۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو افسران اور محکمہ کسٹمز کے ایک سرکاری اہلکار سمیت دھرتی کے چھ بہادر سپوتوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کو گلے لگا لیا۔
باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت و سلامتی یقینی بنانے کے لیے گردونواح میں سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم پورے عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں