یوکرینی ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال کےلیے 62 کروڑ ڈالر کا امریکی پیکج منظور
تیکنیکی اور لاجسٹک معاونت، ،پروپلشن کا سامان، لیبارٹری آلات اور نقل و حمل کی خدمات شامل
امریکہ نے یوکرین کے ایف-16 طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے 62 کروڑ ڈالر سے زائد کا معاون پیکج منظور کرلیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس نے یوکرین کے ایف-16 لڑاکا طیاروں کی آپریشنل صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے درکار آلات، پرزوں اور خدمات کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی ہے، جس کی مالیت تقریباً 62 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہے۔
امریکی حکام کے مطابق، اس پیکج میں طیاروں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے درکار تکنیکی اور لاجسٹک معاونت، سسٹم ایکٹیویشن اور پروپلشن کا سامان، لیبارٹری آلات اور نقل و حمل کی خدمات شامل ہیں۔
اس خریداری کے اخراجات بیلجیئم، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور ناروے کی شراکت سے چلنے والے جمپ سٹارٹ پروگرام کے تحت پورے کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے امریکی حکومت کوئی فنڈ فراہم نہیں کرے گی ۔ معاہدے کے لیے کمپنی کا انتخاب حکومتی سطح پر ہونے والے مسابقتی بولی کے عمل کے ذریعے کیا جائے گا۔
یوکرین کو اپنے ایف-16 طیاروں کے بیڑے کی مرمت اور دیکھ بھال کے حوالے سے تکنیکی مشکلات اور پرزوں کی قلت کا سامنا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ مجوزہ فروخت پر عمل درآمد کے لیے امریکی حکومت یا اس کے ٹھیکیداروں کے کسی اضافی نمائندے کو یوکرین میں تعینات کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بیان میں کہا گیا کہ اس پیکج کو پہلے سے منظور شدہ ایک معاہدے میں شامل کیا جائے گا جس کی مالیت امریکی کانگریس کو باضابطہ اطلاع دینے کی مقررہ حد سے کم تھی۔