جماعت اسلامی نے دھرنے ختم کرنے کی حکومتی درخواست مسترد کردی۔ پنجاب میں ہڑتال
جماعت اسلامی اور حکومتی وفد کے درمیان مذاکرات، دھرنے جاری رکھنے کا اعلان
فائل فوٹو
جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے دھرنے ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔پنجاب کے تمام اضلاع میں کامیاب ہڑتال کی گئی۔
مسلم لیگ ن کے وفد نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزراء سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے دھرنے موخر کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم ہم نے کہا کہ دھرنے بھی چلتے رہیں گے اور بات چیت بھی جاری رہے گی۔ حکومت سے مذاکرات کے لیے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 19 دن سے ملک میں 30 مقامات پر جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں۔ ہمیں دھرنے دینے کا کوئی شوق نہیں، عوام کو درپیش مسائل کی وجہ سے دھرنے دیے۔ انہوں نے کہا کہ 6 سال میں ملک میں غربت میں 33 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ حکومتی رپورٹ کے مطابق 40 فیصد سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں۔ موٹر سائیکل والا ایک لیٹر پیٹرول پر 35 فیصد ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہے، جبکہ عوام ایسی بجلی کے پیسے دینے پر بھی مجبور ہیں جو بنتی بھی نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول پر لیوی معطل کرنے کے بجائے اس میں اضافہ کیا گیا۔ جب سے لیوی شروع ہوئی ہے 8 ہزار ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، جبکہ اس سال حکومت نے لیوی کی مد میں ہدف سے زیادہ رقم جمع کی ہے۔ مہنگائی نے لوگوں کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت، لیوی، آئی پی پیز اور روٹی کی قیمت کم کرنا ہمارے مطالبات ہیں۔ پیٹرول پر لیوی ختم کرنے کے ساتھ قیمت بھی کم ہونی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جن پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا وہ بھی 35 فیصد ٹیکس ادا کر رہا ہے۔ پیٹرولیم لیوی کا مقصد ریفائنریز کو بہتر کرنا تھا، ہم سے جنگی حالات میں بھی لیوی وصول کی گئی۔ ری گیسیفکیشن کے پلانٹس پر بھی کیپسٹی پیمنٹ وصول کی جا رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بہت سارے شہروں میں آج مکمل ہڑتال ہوئی ہے، دھرنے بھی جاری رہیں گے اور بات چیت بھی چلتی رہے گی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف ملے، اس کے لیے حکومت نے ٹیم تشکیل دی ہے۔ جماعت اسلامی سے بھی کہا ہے کہ اگر ایسی تجاویز ہیں جن سے پیٹرول کی قیمتوں کا بوجھ کم کیا جاسکے تو وہ پیش کریں۔ حافظ نعیم الرحمان کا شکریہ کہ انہوں نے اچھے انداز میں ہماری گفتگو سنی۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں اس وقت ایسی صورتحال ہو جس سے دشمن فائدہ اٹھائیں۔ موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر داخلی امن قائم رکھنے کی کوشش کریں۔
“رانا صاحب، آپ نے اتنی باتیں کی ہیں، تھوڑی اور بھی کرلیں،” حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں مائیک رانا ثنا اللہ کے حوالے کردیا۔
سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان نے بتایا ہے کہ ان کے پاس ایسی تجاویز ہیں جن سے عوام کو ریلیف ملے گا، حکومت قابلِ عمل تجاویز پر عمل کرے گی۔ادھر، امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک بھر کی طر ح پنجاب کے تمام اضلاع میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پیٹرولیم لیوی اور بے تحاشہ مہنگائی کے خلاف کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو ئی، اہم تجارتی مراکز،مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہے، تاجر برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کاروبار اور سرگرمیاں معطل رکھیں، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور سیکرٹری جنرل اقبال خان نے کامیاب ہڑتال پر چیمبرز، تاجر یونینز کے عہدے داران اور تمام تاجر برادری کا شکر یہ ادا کیا، علاوہ ازیں ڈاکٹر طارق سلیم نے پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا ملک بھر کی عوام نے حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر لبیک کہہ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ حکومت کی عوام دشمن اور غریب کش پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں۔