وزیراعظم اپنا گھراسکیم کے لیے فنانسنگ 313 ارب روپے سے تجاوز کرگئی
وزیراعظم اپنا گھر اسکیم ، قرضہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر
فائل فوٹو
وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت فنانسنگ 313 ارب روپے سے تجاوز کرگئی، جبکہ دو ماہ میں منظور شدہ قرضوں کی تعداد میں 111 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اپنا گھر اسکیم تیزی سے آگے بڑھنے لگی ہے، صرف دو ماہ کے دوران منظور شدہ ہاؤسنگ فنانسنگ میں 117 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت ہاؤسنگ فنانسنگ 313 ارب روپے سے تجاوز کرگئی، جبکہ جون 2026 سے اب تک 53 ہزار 100 سے زائد قرضے منظور کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دو ماہ میں منظور شدہ قرضوں کی تعداد میں 111 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اسکیم کے تحت 8 ہزار 700 سے زائد قرضے جاری کیے گئے، جو 83 فیصد اضافہ ہے۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت 45 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی، جس میں 120 فیصد اضافہ ہوا۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ ہاؤسنگ فنانس میں اضافے سے تعمیراتی شعبے میں معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔ زیادہ ہاؤسنگ فنانس سے تعمیرات، کاروبار اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا، جبکہ سیمنٹ، اسٹیل اور دیگر تعمیراتی سامان کی طلب بھی بڑھے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں گھروں کی کمی سرمایہ کاری کے بڑے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ کم لاگت گھروں، ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ، موسمیاتی مزاحم اور توانائی بچانے والی تعمیرات میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
خرم شہزاد نے مزید کہا کہ بہتر ہاؤسنگ فنانس نظام گھروں کی طلب کو معاشی سرگرمی میں تبدیل کر رہا ہے، جبکہ ہاؤسنگ سیکٹر میں بڑھتی سرگرمی کاروبار، روزگار اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے۔