فیلڈ مارشل عاصم منیرکا ملائیشیا سے دفاعی تعاون بڑھانے پر زور

کوالالمپور میں وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات

November 23, 2026 · اہم خبریں
فیلڈ مارشل عاصم منیرکا ملائیشیا سے دفاعی تعاون بڑھانے پر زور

فیلڈ مارشل عاصم منیرکا ملائیشیا سے دفاعی تعاون بڑھانے پر زور

 

پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دو طرفہ دفاعی اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پٹراجایا میں پردانا پترا کے مقام پر ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاٹو سری انور ابراہیم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور علاقائی و عالمی سیکیورٹی کے بدلتے ہوئے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر اعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کے تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ملائیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقوں نے باقاعدہ اعلیٰ سطح کے تبادلے، فوجی تعاون میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی سیکیورٹی مسائل پر مسلسل بات چیت کے ذریعے دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

کوالالمپور میں وزارت دفاع ملائیشیاپہنچنے پر فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی ملک رزاق سلیمان کے ساتھ ملائیشین آرمی، رائل ملائیشین نیوی اور رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہان بھی موجود تھے۔

فیلڈ مارشل نے ملائیشیا کے وزیر دفاع معزز ڈاٹو سری محمد خالد بن نوردین سے بھی ملاقات کی۔ دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات کی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے، فوج سے فوج کے رابطوں کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے نئے راستوں کو تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹرکا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں اس کے ہال آف فیم کا 21 واں ممبر بنانے کی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔