ایتھنز میں ائیرشو کے دوران یونانی فضائیہ کا ایف 4 فینٹم طیارہ تباہ
جنگی طیارہ گرنے کے بعد آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری
فائل فوٹو
یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ائیرشو کے دوران یونانی فضائیہ کا ایک ایف 4 فینٹم جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ ایتھنز میں جاری ایتھنز فلائنگ ویک کے دوران پیش آیا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی اور ہزاروں تماشائیوں کے سامنے فضا میں سیاہ دھویں کے ہولناک بادل بلند ہونے لگے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے 11 پانی چھڑکنے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے 85 فائر فائٹرز کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
یونانی فضائیہ کے ایک اہلکار نے حادثے کی تصدیق کی ہے، تاہم دو نشستوں والے طیارے کے پائلٹوں کے حوالے سے کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ حادثے میں شائقین میں سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔