پنجاب میں کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن،54 افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی
کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا جائے گا،عوام مریم نواز کے ساتھ ہیں ،وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری
فائل فوٹو
لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے اور پنجاب کے تمام محکموں سے کرپشن کا خاتمہ ان کا مشن ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے اور اب تک 54 افسران اور اہلکار معطل یا ملازمتوں سے برخاست ہو چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق صرف محکمہ خوراک میں 48 افسران اور اہلکار گرفتار ہوئے ہیں، جبکہ 6 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا ہے۔ 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی بھی جاری ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کا ایک ناسور بن چکا ہے، جس کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت نے مؤثر اقدامات شروع کیے ہیں۔ کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق کیا جا رہا ہے اور کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوام کرپشن کے خاتمے کے لیے مریم نواز کے ساتھ ہیں اور پنجاب میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جو بھی فیصلہ کیا، اس پر عمل درآمد کروایا ہے۔ انہوں نے کبھی تنقید اور منفی پروپیگنڈوں کی پرواہ نہیں کی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے اور ذاتی تنقید نے مریم نواز کو کمزور نہیں کیا بلکہ چٹان کی طرح مزید مضبوط کیا ہے۔