ایران کے 27 ایئرپورٹس کو جنگ میں نقصان پہنچا:ایرانی حکام
نقصان میں رن ویز، سکیورٹی سے متعلق عمارتیں، فضائی نیویگیشن کا نظام، معائنے کی سہولیات اور مسافر ٹرمینلز شامل تھے۔
فائل فوٹو
ایرانی حکام نے بتایا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران ملک کے 27 ہوائی اڈوں کو مختلف نوعیت کا نقصان پہنچا، جن میں دارالحکومت تہران کا ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔
ایران کے ہوائی اڈوں کے نگران ادارے کے سربراہ مرتضیٰ دہقان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنگ کے دوران متعدد ایئرپورٹس کے بنیادی ڈھانچے کے مختلف حصے متاثر ہوئے۔
ان کے مطابق نقصان میں رن ویز، سکیورٹی سے متعلق عمارتیں، فضائی نیویگیشن کا نظام، معائنے کی سہولیات اور مسافر ٹرمینلز شامل تھے۔
مرتضیٰ دہقان کا کہنا تھا کہ متاثرہ ہوائی اڈوں کی بحالی اور تعمیر نو ایک مشکل مرحلہ تھا، تاہم حکام نے اس کام کو مکمل کر لیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق گزشتہ موسمِ گرما میں اسرائیلی حملوں کے بعد ملک کے ہوائی اڈوں کے ساتھ متعدد طیارے بھی حملوں کی زد میں آئے تھے۔
اس سے قبل ایرانی حکومت کے ترجمان نے بتایا تھا کہ بوشہر ایئرپورٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اسے دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہوگی۔