وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج، پاکستان آج انگلینڈ سے ٹکرائے گا

نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، بولنگ کوچ نوفکے اور سات نئے کھلاڑیوں کی انگلینڈ آمد کے بعد ٹیم آخری ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔

September 9, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

برمنگھم: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔

قومی ٹیم سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان کو سیریز کے ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، بولنگ کوچ نوفکے اور سات نئے کھلاڑیوں کی انگلینڈ آمد کے بعد ٹیم آخری ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔

میچ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ شائقین اور ٹیم کو ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ ان کے مطابق وہ ہر مشکل صورتحال میں مثبت سوچ کے ساتھ اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ میچوں کو پیچھے چھوڑ کر ہر نئے مقابلے پر توجہ مرکوز رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں اور ان کا مقصد ہر میچ میں بہتر کھیل پیش کرنا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے بھی پاکستان کے خلاف آخری ٹیسٹ کو چیلنجنگ قرار دیا ہے۔

جو روٹ کے مطابق انگلینڈ کی تمام توجہ آئندہ پانچ دن کی کرکٹ پر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ بڑا مجموعہ ترتیب دے اور بھرپور کرکٹ کھیلتے ہوئے میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنائے۔