انگلینڈ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کو پناہ گزین سمجھ کر ہوٹل کے باہر احتجاج

ٹیم سے متعلق حقیقت سامنے آنے کے بعد مظاہرین چند منٹ میں منتشر ہوگئے۔ جارج میڈوک نے واقعے کو انتہائی بدقسمت قرار دیا۔

September 10, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

انگلینڈ کے شہر پورٹس ماؤتھ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس وقت غیر متوقع صورتحال کا سامنا کر بیٹھی جب اسے غلطی سے پناہ کے متلاشی افراد کا گروپ سمجھ لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً 40 افراد پر مشتمل پاکستانی ٹیم جب میریئٹ ہوٹل پہنچی تو وہاں موجود بعض افراد نے اسے پناہ گزینوں کا گروپ سمجھتے ہوئے احتجاج شروع کردیا۔

صورتحال کی اطلاع ملنے پر ریفارم پارٹی کے کونسلر جارج میڈوک نے ہوٹل انتظامیہ سے رابطہ کیا اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کوچ سے بات کی۔ بعد ازاں انہوں نے مظاہرین کو بتایا کہ ہوٹل پہنچنے والے افراد پناہ کے متلاشی نہیں بلکہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ارکان ہیں۔

ٹیم سے متعلق حقیقت سامنے آنے کے بعد مظاہرین چند منٹ میں منتشر ہوگئے۔ جارج میڈوک نے واقعے کو انتہائی بدقسمت قرار دیا۔

واقعے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ حکام سے رابطہ کیا ہے، جبکہ ٹیم کی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 2 سے 5 ستمبر تک انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف چار روزہ میچ کھیلا تھا، جس میں اسے 10 رنز سے شکست ہوئی۔ بعد ازاں 9 ستمبر کو کھیلے گئے یوتھ ون ڈے میں پاکستان نے 177 رنز سے کامیابی حاصل کی۔