فیفا کے پہلے آسیان کپ 2026 میں پاکستان بھی شامل
ٹورنامنٹ 24 ستمبر سے 5 اکتوبر تک انڈونیشیا کے شہروں بینڈونگ اور جکارتہ کے علاوہ ہانگ کانگ میں کھیلا جائے گا۔
فائل فوٹو
فیفا نے پہلےفیفا آسیان کپ 2026 کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے، جس میں پاکستان سمیت 14 قومی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ 24 ستمبر سے 5 اکتوبر تک انڈونیشیا کے شہروں بینڈونگ اور جکارتہ کے علاوہ ہانگ کانگ میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں آسیان کے 11 رکن ممالک کے ساتھ 3 مہمان ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔ پاکستان کو بنگلادیش کے ہمراہ ڈویژن ون میں رکھا گیا ہے، جبکہ اس ڈویژن میں انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام بھی شامل ہیں۔
ڈویژن ٹو میں میزبان ہانگ کانگ کے علاوہ برونائی دارالسلام، کمبوڈیا، لاؤس، میانمار اور تیمور لیستے کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ کے دونوں ڈویژنز کو دو، دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
گروپ کی فاتح ٹیمیں فائنل میں ٹائٹل کیلئے مقابلہ کریں گی، جبکہ انڈونیشیا میں ڈویژن ون کے گروپ رنرز اپ تیسری پوزیشن کے میچ میں حصہ لیں گے۔
فیفا کے مطابق نئے ٹورنامنٹ کا مقصد قومی ٹیموں کو زیادہ مسابقتی مواقع فراہم کرنا، خطے میں فٹبال کو فروغ دینا اور مختلف ممالک کے درمیان کھیلوں کے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔