ویمنز ایشیا کپ، پاکستان اور سری لنکا آج دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے
دونوں ٹیموں کے درمیان اہم مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔
فائل فوٹو
اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آج دبئی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اہم مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔
سری لنکا نے گروپ مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل تک ناقابل شکست رسائی حاصل کی۔ سری لنکن ٹیم نے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں انڈونیشیا کو 75 رنز سے مات دی۔ گروپ کے آخری میچ میں سری لنکا نے بنگلا دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی پوزیشن مضبوط کی۔
دوسری جانب پاکستان ویمن ٹیم نے گروپ اے میں تین میچز کھیلے، جن میں اسے دو کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ پاکستان نے اپنے ابتدائی میچ میں تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دی، تاہم دوسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم نے گروپ کے آخری میچ میں ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا گیا، جس میں بھارتی ٹیم نے 40 رنز سے کامیابی حاصل کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اب دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کا مقابلہ فائنل میں بھارت سے ہوگا۔
ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی فائنل کے بعد تقریب میں انعامات تقسیم کریں گے اور فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے۔
اس صورتحال کے باعث ایک مرتبہ پھر یہ سوال بھی سامنے آگیا ہے کہ اگر بھارتی ویمن ٹیم فائنل جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو کیا وہ اے سی سی صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ایشیا کپ جیتنے والی بھارتی مینز ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس کے بعد ٹرافی کی عدم وصولی کا معاملہ تنازع کی شکل اختیار کر گیا تھا اور بھارتی ٹیم کو اس فیصلے پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔