ایشین گیمز کیلئے 165 رکنی پاکستانی دستے کو این او سی جاری
ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو ہوگی، تاہم مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز 17 ستمبر سے ہی ہوجائے گا۔
فائل فوٹو
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین گیمز میں شرکت کے لیے 165 ارکان کو نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کردیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی کبڈی ٹیم 14 ستمبر کو اسلام آباد سے جاپان کے شہر ایچی ناگویا روانہ ہوگی، جبکہ قومی ہاکی ٹیم بھی اسی روز جنوبی کوریا سے ایچی ناگویا پہنچے گی۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پہلے ہی 234 رکنی قومی دستے کا اعلان کرچکی ہے۔ تاہم پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے فی الحال ان فیڈریشنز سے وابستہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو این او سی جاری کیے گئے ہیں جو بورڈ سے الحاق شدہ ہیں یا جن کے اخراجات میں پی ایس بی معاونت کررہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کھلاڑیوں کو تاحال این او سی نہیں مل سکا جن کی متعلقہ فیڈریشنز کا پاکستان اسپورٹس بورڈ سے الحاق نہیں اور جو اپنے اخراجات پر ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پی او اے کے سیکریٹری خالد محمود کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ 93 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اخراجات برداشت کررہا ہے، جبکہ دیگر ارکان کی شرکت کے اخراجات متعلقہ فیڈریشنز اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی معاونت سے پورے کیے جائیں گے۔
ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو ہوگی، تاہم مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز 17 ستمبر سے ہی ہوجائے گا۔
پاکستان کو ایتھلیٹکس، شوٹنگ، ہاکی، کرکٹ اور ووشو میں بہتر کارکردگی اور تمغے حاصل کرنے کی امید ہے۔