برمنگھم ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 449 رنز پر آئوٹ، انگلینڈ کو جیت کیلیے130 رنز کا ہدف
سابق کپتان شان مسعود 95 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، رضا اللہ نے ٹیسٹ ڈیبیو میں شاندار 81 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی
فوٹو سوشل میڈیا
برمنگھم میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے اننگز کی شکست سے خود کو بچا لیا۔
پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 130 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان کی جانب سے سابق کپتان شان مسعود 95 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ بابر اعظم نے 76 اور اذان اویس نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ سعود شکیل 29 اور غازی غوری 16 رنز بنا سکے۔
صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، تاہم ٹیل اینڈرز نے انگلش باؤلرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کی۔
رضا اللہ نے ٹیسٹ ڈیبیو میں شاندار 81 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ محمد عباس نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 40 رنز بنائے۔
ٹیل اینڈرز کی مزاحمت نے پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 453 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان کی پہلی اننگز 133 رنز پر ختم ہوگئی تھی۔
پاکستان کو سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کے لیے اب انگلینڈ کو 130 رنز کے ہدف تک پہنچنے سے روکنا ہوگا۔