شاہد آفریدی کا مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

حکومت کو اپنی پالیسیوں اور انتظامی مسائل کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

September 12, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ملک میں بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پیٹرول پر عائد بھاری ٹیکس کا بوجھ عام شہری برداشت کر رہا ہے، جبکہ ٹیکس وصولی کے اہداف پورے نہ ہونے کی صورت میں بھی اس کا اثر عوام پر پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی ذمہ داری صرف عالمی حالات پر عائد نہیں کی جاسکتی، حکومت کو اپنی پالیسیوں اور انتظامی مسائل کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ مہنگائی نے عام شہری کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام پہلے ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ان کی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔

سابق کپتان نے حکمرانوں پر زور دیا کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان کے مطابق حکومت کو مالی اہداف پورے کرنے کے لیے عام شہری پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے مؤثر اور عوام دوست پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مہنگائی کا دباؤ کم کرنے اور عام آدمی کے لیے زندگی آسان بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔