رضا اللہ کی آل راؤنڈ کارکردگی نے شاہد آفریدی کو بھی متاثر کردیا
رضا اللہ نے ڈیبیو میچ میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی اور ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
فائل فوٹو
کراچی: قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی رضا اللہ نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ اور آل راؤنڈ کارکردگی سے توجہ حاصل کرلی، جس پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی ان کی تعریف کی ہے۔
شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ رضا اللہ نے ڈیبیو میچ میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی اور ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی نے عزم، حوصلے اور بھرپور اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا اور ثابت کیا کہ مضبوط ارادے کے ساتھ بڑی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
شاہد آفریدی نے رضا اللہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ نوجوان کھلاڑی کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر بھرپور توجہ دیں گے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، تاہم رضا اللہ نے اپنے ڈیبیو میچ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
رضا اللہ نے 9 چھکوں کی مدد سے 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس کی بدولت پاکستان انگلینڈ کو 130 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔ وہ اس وقت کریز پر آئے جب پاکستان کو انگلش ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 4 رنز درکار تھے اور صرف 2 وکٹیں باقی تھیں۔