ایران کے ساتھ جنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوجائے گی ، ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی نمائندے ایرانی حکام سے ملاقات کریں تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا،آئرلینڈ میں میڈیا سے گفتگو
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوجائے گی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کریں گے جو ان کے لیے قابلِ قبول نہ ہو۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آئرلینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا اور ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے، انہوں نے کہا کہ اگر امریکی نمائندے ایرانی حکام سے ملاقات کریں تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
یوکرین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے زیلنسکی پر زور دیا کہ روس میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانا بند کرنا ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا وینزویلا سے بڑی مقدار میں تیل حاصل کررہا ہے، جبکہ وینزویلا میں انتخابات اس وقت ہوں گے جب حالات سازگار ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا میں دنیا کی سب سے کم شرح سود ہونی چاہیے اور امریکی معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے،مصنوعی ذہانت کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جو بھی اس شعبے میں سبقت لے جائے گا، وہی کامیاب ہوگا۔