بھارت کا کھیل سے کھلواڑ، ویمنز ایشیا کپ فائنل میں محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے بھارتی خواتین ٹیم نے بھی انکار کر دیا۔
بھارت نے ایک بار پھر کھیل سے کھلواڑ کرتے ہوئے ویمنز ایشیا کپ کو بھی تنازع بنا دیا ہے۔ بھارت کی خواتین ٹیم نے فائنل جیتنے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی ویمنز ایشیا کپ فائنل کے مہمان خصوصی ہیں۔ پچھلے سال بھارت کی مینز ٹیم نے بھی صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے کپ لینے سے انکار کیا تھا۔
ذرائع ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ٹرافی دینے کا پروٹوکول مکمل طور پر طے تھا، ٹرافی فاتح بھارتی ٹیم کو دینے کے لیے دستیاب تھی اور بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ خود کیا۔ ذرائع ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، محسن نقوی اپنے مؤقف سے پہلے بھی ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے اور آج بھی وہیں کھڑے ہیں۔
بھارت کی پچھلی ٹرافی بھی دستیاب ہے، صرف وصولی کا انتظار ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی ٹیم ریکارڈ 8ویں بار ویمنز ایشیا کپ کی چیمپئن بنی ہے اور فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دی۔ سری لنکن ٹیم 184 رنز کے تعاقب میں 111 رنز پر ڈھیر ہوئی، جس میں کپتان چماری 36 اور نیلکشیکا 22 رنز بنا سکیں۔