افغانستان سے مسافروں کو سعودیہ تک فضائی سفرکی سہولت کا انٹر لائن معاہدہ
کابل، اسلام آباد اور دمام کے درمیان روٹ قائم
پی آئی اے اور افغانستان کی کام ایئر نے انٹر لائن تعاون کا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد کے راستے افغان مسافروں کو مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے اہم مقامات تک سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔معاہدے کے تحت خلیجی ممالک جانے والے افغان مسافر پاکستان میں امیگریشن کلیئرنس کے بغیر بھی سفر جاری رکھ سکیں گے، بشرطیکہ وہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ٹرانزٹ کے دوران ایئر سائیڈ کی حدود میں رہیں۔
اس تعاون کے تحت ابتدائی روٹ کابل، اسلام آباد اور دمام کے درمیان قائم کیا گیا ہے، جس کی بدولت افغانستان سے مشرقی سعودی عرب جانے والے مسافروں، بالخصوص وہاں کام کرنے والے افغان شہریوں اور تارکین وطن کو سہولت ملے گی۔
پی آئی اے اور کام ایئر کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت افغانستان کو اسلام آباد کے ذریعے مشرق وسطیٰ کے اہم مقامات سے منسلک کرنے کے لیے ایک مربوط ٹرانزٹ روٹ قائم کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کے مطابق معاہدے کے تحت مسافر اپنے مکمل سفر کی بکنگ ایک ہی ریزرویشن پر کرا سکیں گے اور انہیں سفر کے مختلف مراحل کے لیے الگ الگ ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ مسافروں کا چیک اِن سامان کابل سے اسلام آباد پہنچنے کے بعد براہِ راست پی آئی اے کی کنیکٹنگ پرواز میں منتقل کردیا جائے گا، اس طرح مسافروں کو دورانِ سفر اپنا سامان وصول کرکے دوبارہ چیک اِن کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
معاہدے کے دوسرے مرحلے میں خلیج کے دیگر اہم اور زیادہ طلب والے مقامات تک اس سہولت کو وسعت دینے کا منصوبہ بھی بنایا گیاہے۔ان مقامات میں مدینہ منورہ، مسقط اور العین شامل ہیں، جہاں زائرین، کارکنوں اور کاروباری افراد کو سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔