کوہلو میں دہشت گردوں نے 11 کان کنوں کو اغوا کرکے قتل کردیا

مسلح افراد نے دو پک اپ گاڑیوں کو روک کر16 مزدوروں کو اغوا کیا اور قریبی پہاڑی علاقے میں لے گئے، جہاں انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا

November 29, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوئٹہ:

بلوچستان کے ضلع کوہلو کی تحصیل جندران کے علاقے ہوسڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعے میں اب تک 11 مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے دو پک اپ گاڑیوں کو روک کر مجموعی طور پر 16 مزدوروں کو اغوا کیا اور قریبی پہاڑی علاقے میں لے گئے، جہاں انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تاہم اغوا کیے گئے مزدوروں کی مجموعی تعداد اور دیگر تفصیلات کی سرکاری سطح پر تصدیق تاحال نہیں ہوسکی۔

ایس پی کوہلو طیب اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اغوا کیے گئے مزدوروں کی تعداد اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق تمام مقتولین چمالنگ کول مائنز میں کام کرتے تھے، مقتولین میں سے تین کا تعلق دکی، ایک کا سنجاوی اور سات کا افغانستان سے ہے، دکی سے تعلق رکھنے والے مقتولین کی شناخت محمد خالد، گل محمد اور نیاز محمد، سنجاوی کے مقتول کی شناخت محمد حسن کے نام سے ہوئی۔

دوسری جانب افغانستان سے تعلق رکھنے والے مقتولین میں عصمت اللہ، فیروز خان، جار اللہ، عبد الناصر، عبد الکبیر، عبد الرحمان اور خان شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش اور مغوی مزدوروں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔