خیبرپختونخوا میں آئی جی لگانے کا اختیار صوبائی حکومت کو دینے کی تیاری
آر پی اوز،ڈی پی اوز کی تعیناتی و تبادلوں کا اختیار وزیراعلیٰ کو دینے کی تجویز
فائل فوٹو
خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس ایکٹ 2017 میں ترامیم کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پی خیبرپختونخوا کی تعیناتی کا اختیار صوبے کو دینے کے لیے ترمیمی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ ترمیم کے تحت بیوروکریسی کی طرح آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی تعیناتی اور تبادلوں کا اختیار بھی وزیراعلیٰ کو حاصل ہوگا، پولیسنگ کی نگرانی کے لیے پبلک سیفٹی کمیشن قائم کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ پولیس ایکٹ 2017 میں بہتری لائی جارہی ہے، پولیسنگ صوبائی سبجیکٹ ہے، یہ وفاق کا اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پر چیک اینڈ بیلنس بہتر کررہے ہیں تاکہ اختیارات کا غلط استعمال نہ ہو۔
صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ نے غیر آئینی فیصلہ دے کر آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے تبادلوں سے متعلق صوبے سے اختیار لیا تھا، پولیس کے اختیارات کم نہیں بلکہ مزید بہتر بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر سے متعلق ترامیم اسٹرائیک ڈاؤن کرکے واپس اختیارات آئی جی کو دیے تھے۔