جماعت اسلامی نے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف پیکج مسترد کر دیا

لیوی کو ختم کیا جائے، لیوی ختم ہوگی تو پیٹرول پر103 روپے لیٹر ریلیف مل سکتا ہے، مذاکرات کے تیسرے دور کے بعد لیاقت بلوچ کی میڈیا سے گفتگو

September 15, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پیٹرول 100 روپے فی لیٹر ریلیف پیکج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے تیسرے دور کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی، حکومت کے آئی پی پیز اور پیٹرولیم لیوی پرتکنیکی مذاکرات ہوئے ہیں، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر توانائی اویس لغاری نے بریفنگ دی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم کے پیٹرول ریلیف پیکج کوجماعت اسلامی نے مسترد کر دیا ہے، ہم نے واضح کردیا ہے کہ لیوی کو ختم کیا جائے، لیوی ختم ہوگی تو پیٹرول پر103 روپے لیٹر ریلیف مل سکتا ہے

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ریلیف کا اقدام دھوکا ہے، حکومت کو بتادیا کہ وزیراعظم کو بتادیں ہمارا مارچ اسلام آباد کی طرف چلےگا۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز سے متعلق اویس لغاری نےمکمل مؤقف دیا ہے، تسلیم کیا گیا کہ جماعت اسلامی کے گزشتہ احتجاج سے 54 آئی پی پیز کےمعاملات فائنل کرلیے۔

خیال رہے کہ مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔