ایمیزون کے جنگلات میں دنیا سے کٹے ہوئے نایاب قبیلے کی تصاویر سامنے آ گئیں
غیر معمولی واقعہ، انسانی حقوق کی تنظیم کا اظہار تشویش، حکومتی اداروں کی جانچ پڑتال جاری
ایمیزون کے جنگلات میں دنیا سے کٹے ہوئے نایاب قبیلے کی تصاویر سامنے آ گئیں
برازیل کے ایمیزون کے گھنے جنگلات میں بیرونی دنیا سے بالکل الگ تھلگ رہنے والے ایک مقامی قبیلے کے افراد کی نایاب تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جنہیں دیکھ کر انسانی حقوق کے اداروں نے جنگلات کاٹنے والوں اور زمین پر قبضہ کرنے والوں کی وجہ سے اس قبیلے کو لاحق خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
برطانیہ میں قائم قبائلی حقوق کی تنظیم ‘سرائیول انٹرنیشنل’ نے ان تصاویر کو ایک تاریخی ملاپ قرار دیا ہے۔ تنظیم کے مطابق برازیل کی شمال مشرقی ریاست مارانھاؤ میں سرکاری ٹیم کا قبیلے کے تقریباً 20 ایسے افراد سے آمنا سامنا ہوا جو بیرونی دنیا سے دور رہتے ہیں، اور انہوں نے خوراک طلب کی۔ انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ ایسے قبائل عام طور پر باہر کے لوگوں سے ملنے سے گریز کرتے ہیں اور اس قبیلے کے ساتھ کئی دہائیوں میں ایسا رابطہ پہلے کبھی سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب، برازیل کے مقامی امور کے ادارے ‘فنائی’ نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں اور قبائلی افراد کو صحت کے خطرات سے بچانے کے لیے ہنگامی پلان فعال کر دیا گیا ہے کیونکہ حکومت کی پالیسی اب بھی ان لوگوں سے الگ رہنے کی ہی ہے۔ سرائیول انٹرنیشنل کے مطابق یہ تصاویر مقامی قبائلی گروپ “گارڈینز آف دی ایمیزون” کی درخواست پر جاری کی گئی ہیں، جو غیر قانونی طور پر جنگلات کاٹنے کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔ تنظیم کا مزید کہنا ہے کہ دنیا کے 10 ممالک میں ایسے 196 قبائلی گروہ موجود ہیں جن میں سے تقریباً 95 فیصد ایمیزون میں آباد ہیں۔