ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا

تاریخی درآمد، 15 ہزار میٹرک ٹن گیس لایا گیا، موسم سرما میں ریلیف ملے گا

November 18, 2026 · قومی
ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا

ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت پہلے بڑے ایل پی جی کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم مرزا ناصرالدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں، تاہم اب اس ریکارڈ کارگو کی آمد سے ملک میں ایل پی جی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس پیش رفت سے موسم سرما کے دوران پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی کو بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔

اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد متوقع ہے جس سے اوپن مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر ہوگی اور عام عوام کو ریلیف ملے گا۔

اعلامیے کے مطابق ایل پی جی سے بھرے مزید جہازوں کے امپورٹ آرڈر دے دیے گئے ہیں جو آئندہ ہفتے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت نیلامی میں ہر کمپنی کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ تمام اہل کمپنیوں کو شفاف اور مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔